• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

'کشمیر صرف سرحدی مسئلہ نہیں بلکہ کشمیریوں کی خواہشات کا معاملہ ہے'

شائع January 10, 2021
اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر نے عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کے حالات سے آگاہ کیا-فائل/فوٹو: اے ایف پی
اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر نے عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کے حالات سے آگاہ کیا-فائل/فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے عالمی برادری کو واضح کر دیا ہے کہ کشمیر، پاکستان اور بھارت کے درمیان صرف سرحدی مسئلہ نہیں بلکہ اس کی بنیاد کشمیر کے لوگوں کی خواہشات ہیں۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی 1949 کی قرار داد پر منعقدہ ویبنار میں بات کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو اپنے حق خود ارادیت کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات پر زور دیا۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برداری کی خاموشی سوالیہ نشان ہے، شیریں مزاری

انہوں نے کہا کہ 'کشمیر کا مسئلہ صرف ایک سرحدی مسئلہ نہیں ہے، اس مسئلے سے کشمیر کے عوام جڑے ہوئے ہیں، یہ کشمیر کے لوگوں کے حق کا معاملہ ہے'۔

منیر اکرم نے معاہدے کے نکات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم سب کشمیریوں کی جائز جدوجہد پر متفق ہیں، ہم سب مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو تسلیم کرتے ہیں جو کشمیر میں برسوں اور خاص کر حالیہ برس سے جاری ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہم سب کشمیر کے عوام کی بہادری پر بھی متفق ہیں جن کی تیسری نسل نے مزاحمت کو زندہ رکھا ہوا ہے'۔

مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'پاکستان اور کشمیر کے لوگوں کا کلچر، عقیدہ، تاریخ اور تہذیب ایک ہے، ہر پاکستانی مسئلہ کشمیر کے ساتھ بھرپور عزم کے ساتھ جڑا ہوا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'یہ پاکستان ہی ہے جو کشمیریوں کی جدوجہد کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ہم ہر حال میں متحد رہیں گے'۔

مزید پڑھیں: اقوام متحدہ کا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مکمل بحالی کا مطالبہ

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں 2019 سے اب تک تین مرتبہ زیر بحث آنے کے بعد مسئلہ کشمیر ایک مرتبہ پھر اجاگر ہوا ہے کیونکہ بھارت نے متنازع خطے کو غیر قانونی طور پر ضم کرلیا ہے جبکہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے میں کئی مرتبہ زیر بحث آیا ہے۔

منیر اکرم نے کہا کہ اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندوں نے بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو نمایاں کیا تھا اور 18 خصوصی نمائندے مشترکہ طور پر خطے میں بھارتی مظالم پر بات کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشنر نے دو مرتبہ رپورٹ جاری کی ہے اور ہیومن رائٹس کونسل میں مسئلہ جموں و کشمیر پر 5 مرتبہ بات کر چکے ہیں۔


یہ خبر 10 جنوری 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024