• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

گنے کی قیمت پر شوگر ملز، کسانوں اور حکومت کے درمیان تعطل برقرار

شائع January 10, 2021
مارکیٹ میں گنے کی مقرر کردہ سرکاری امدادی قیمت پر یہ دستیاب نہیں—فائل فوٹو: عمیر علی
مارکیٹ میں گنے کی مقرر کردہ سرکاری امدادی قیمت پر یہ دستیاب نہیں—فائل فوٹو: عمیر علی

اسلام آباد: ملک میں جہاں ایک طرف صارفین مختلف اشیا کی اضافی قیمتیں ادا کرنے پر مجبور ہیں وہیں گنے کی قیمت پر شوگر ملز، کسانوں اور حکومتی اتھارٹیز کے درمیان تعطل برقرار ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس تمام صورتحال کے دوران مڈل مین اچھا منافع کما رہے ہیں کیونکہ نئے قوانین کے تحت صرف بینک اکاؤنٹس کے ذریعے ادائیگیاں ضروری ہیں۔

ادھر وزارت صنعت و پیداوار حماد اظہر نے ہفتے کو اس بات کو تسلیم کیا کہ چینی کی قیمتیں ایک مرتبہ پھر بڑھ رہی ہے جبکہ حکومت خام چینی پر درآمدی ڈیوٹیز ختم کرنے کا سوچ رہی ہے تاکہ ملک میں مناسب قیمتوں پر مناسب اسٹاکس کو یقینی بنایا جائے۔

ایک نجی چینل سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت نے اس سلسلے میں ایک سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کو بھیجی ہے۔

مزید پڑھیں: گنے کی بروقت کٹائی سے چینی کی قیمت کم ہو کر 85 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی

انہوں نے گنے کی خریداری میں مڈل مین کے بڑھتے کردار کو تسلیم کیا اور کہا کہ صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس پریکٹس کو ختم کریں۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے شوگر ملوں میں کیمرے نصب کیے جائیں گے تاکہ پیدواری اعداد و شمار کا معلوم رہے۔

دوسری جانب پاکستان شوگر ملزم ایسوسی ایشن (پی ایس ایم اے) کے چیئرمین اسکندر خان نے وزیراعظم کو خط لکھا جس میں انہوں نے چینی کی قیتموں کے معاملے پر توجہ دلائی اور مطالبہ کیا کہ مقامی مارکیٹ کو مستحکم کرنے کے لیے چینی اور گڑ کی افغانستان اور وسطی ایشیا کے لیے اسمگلنگ روکیں۔

پی ایس ایم اے کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت گڑ کنٹرول ایکٹ 1948 نافذ کرے جو گڑ کی پیداوار کے لیے صرف 25 فیصد کی اجازت دیتا ہے۔

اپنے خط میں انہوں نے لکھا تاہم اس وقت پشاور وادی میں گنے سے تقریباً 100 فیصد گڑ کی تیاری میں منتقل کردیا گیا ہے جس میں سے زیادہ تر ملک سے باہر اسمگل ہوتا ہے۔

ادھر یہ تمام معاملات شوگر ایڈوائزی بورڈ کے حالیہ اجلاس میں بھی زیر غور آئے جہاں چاروں اطراف سے الزامات کی بوچھاڑ دیکھنے کو ملی جبکہ شوگر ملرز نے 200 روپے فی 40 کلو کی امدادی قیمت پر گنے کی ہموار فراہمی میں حکومت کی ناکامی پر مایوسی کا اظہار کیا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت اپنے وعدے کو پورا کرنے میں ناکام رہی تو ملک میں آنے والے ہفتوں میں اجناس کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ہونے والی کمی کے بعد گزشتہ ہفتے کے دوران مختلف مارکیٹوں میں چینی کی قیمت 5 سے 6 روپے فی کلو تک بڑھ گئی جبکہ ریٹیلرز نے اتار چڑھاؤ پر تحفظات کا اظہار کیا۔

کراچی ریٹیل گروسرز گروپ کے چیئرمین فرید قریشی کا کہنا تھا کہ ’اس وقت ریٹیل قیمت 95 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ ہول سیل قیمت 90 روپے ہے تاہم مارکیٹ میں یہ افواہیں زیر گردش ہیں کہ قیمتیں 100 روپے کلو تک جاسکتی ہیں‘۔

دوسری جانب بڑے کرتا دھرتا کسی حل کی تلاش میں ناکام رہے اور وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر کی زیر صدارت شوگر ایڈوائزی کا اجلاس غیرنتیجہ رہا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے گنے کی امدادی قیمیت 200 روپے من (40 کلو) رکھے جانے کے باوجود سندھ میں اس وقت قیمت 300 روپے، پنجاب میں 270 سے 290 روپے اور خیبرپختونخوا میں 290 روپے ہے۔

وزارت صنعت و پیداوار نے حساب کتاب لگایا تھا کہ 200 روپے من کی قیمت کی بنیاد پر چینی کی قیمت 75 سے 80 روپے کے درمیان ہونی چاہیے۔

علاوہ ازیں سندھ کین کمشنر نے تسلیم کیا کہ صوبے میں قیمت 300 روپے سے زائد ہے چونکہ رواں سال گنے کی کمی رہی جبکہ ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ ‘یہ کسانوں کو فائدہ پہنچے گا‘۔

اسی دوران شرکا نے اتفاق کیا کہ شوگر ملوں کے قریب مڈل مین کی نئی کلاس موجود ہے کیونکہ نئی قانون نے فروخت کنندگان کے لیے یہ لازمی کیا ہے کہ ان کا بینک آکاؤنٹ ہو جبکہ بہت سے کسانوں کا اکاؤنٹ نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شوگر ملرز نے گنے کی قلت پر ملوں کی بندش سے خبردار کردیا

رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے ایک کسان حکیم علی بلوچ کا کہنا تھا کہ بینک اکاؤنٹ ایک مسئلہ ہے اور نئے قواعد میں ضروری ہے کہ ’گنے کی خریداری کی رسیدیں (سی پی آر) ملوں کی جانب سے کاشتکاروں کو جاری کی جائیں اور رقم کی ادائیگی بینک کے ذریعے کی جائے‘، مزید یہ کہ ’کئی لوگوں کا اکاؤنٹ نہیں تھا جس کی ایک وجہ یہ تھی کہ یہ پریشانی کا باعث تھا کیونکہ بینک 20 کلو میٹر دور ہے‘۔

بالآخر اس تمام صورتحال میں مقامی مڈل مین کسانوں سے گنے کی خریداری نقد پر کرتے ہیں اور اس پر اپنا مارجن رکھ کر ملوں کو فروخت کرتے ہیں جس کی وجہ سے شوگر ملوں کے لیے خام مال کی قیمت بڑھ رہی ہے۔

مزید برآں پی ایس ایم اے اراکین نے سرکاری امدادی قیمت پر گنے کی ملوں کو فراہمی نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا۔

ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ چینی کی قیمتوں کو کم کرنے کے لیے حکومت کو ریفائنڈ شوگر پر 17 فیصد سیلز ٹیکس ختم کرنا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں پی ایس ایم اے کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ایک طرف حکومت چینی کی قیمت کم کرنا چاہتی ہے جبکہ دوسری طرف وہ مڈل مین کے کردار کو ختم کرنے اور حکومت کی مقرر کردہ قیمت پر ملوں کو گنے کی فراہمی یقینی بنانے کی اپنی ذمہ داری سے کترا رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024