• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

دورہ پاکستان کیلئے جنوبی افریقہ کے ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان، 2 نئے کھلاڑی شامل

شائع January 9, 2021
یہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کا 2007 کے بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا — فائل فوٹو / کرک انفو
یہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کا 2007 کے بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا — فائل فوٹو / کرک انفو

جنوبی افریقہ نے 14 سال بعد دورہ پاکستان کے لیے اپنے ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا جس میں 2 نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق فاسٹ باؤلر ڈارین ڈوپاویلن اور میڈیم پیسر اوٹینیل بارٹ مین کو پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی تاریخی سیریز کے لیے جنوبی افریقہ کے ٹیسٹ اسکواڈ کے لیے طلب کیا گیا ہے۔

یہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کا 2007 کے بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا جو سیکیورٹی کے ساتھ بایوسیکیور ببل میں ہوگا۔

جنوبی افریقہ کے اسکواڈ میں بیشتر کھلاری وہی ہوں گے جو سری لنکا کے خلاف کے ہوم سیریز کا حصہ تھے جو پروٹیز نے 0-2 سے جیتی تھی۔

تاہم ڈوپاویلن اور بارٹ مین کو گلینٹن اسٹَرمین اور میگائل پریٹوریَس کی جگہ اسکواڈ کا حصہ بنایا جائے گا، جو سری لنکا کے خلاف سیریز میں ٹریننگ کے دوران انجرڈ ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقہ کا 14سال بعد دورہ پاکستان کا اعلان

اس کے علاوہ پروٹیز کے اسپن ڈپارٹمنٹ میں کیشَو مہاراج کے ساتھ جارج لِنڈے اور تبریز شمسی شامل ہوں گے۔

مجموعی طور پر جنوبی افریقہ کے ٹیسٹ اسکواڈ میں 7 فاسٹ باؤلرز اور 2 آل راؤنڈرز شامل ہیں۔

جنوبی افریقہ کے سلیکٹرز کے کنوینر وِکٹر مِٹ سانگ نے کہا کہ 'جنوبی افریقہ کی ٹیم کے لیے چونکہ کنڈیشنز نئی ہوں گی ہم چاہتے ہیں کہ اپنے دفاع کو مضبوط رکھیں، جبکہ ڈارین ڈوپاویلن اور اوٹینیل بارٹ مین کو ان کی حالیہ کارکردگی دیکھتے ہوئے موقع دیا جارہا ہے'۔

کوئنٹن ڈی کوک، جنوبی افریقہ کی ٹیم کی بدستور قیادت کریں گے اور ساتھ ساتھ وکٹ کیپنگ کے فرائض بھی انجام دیں گے۔

اس کے علاوہ ٹاپ بلے بازوں میں کوئی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔

جنوبی افریقہ کا ٹیسٹ اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا۔

کوئنٹن ڈی کوک (کپتان)، ٹیمبا باووما، ایڈِن مرکرم، فاف ڈیوپلیسی، ڈین ایلگر، کگیسو ربادا، ڈیوائن پریٹوریَس، کیشو مہاراج، لُنگی نِگیدی، راسی وین در دوسِن، آنرِچ نورجے، وِیان مُلڈر، لوتھو سِپاملا، بیوران ہینڈرِکس، کائل ویرنے، سارل اَروی، کیگان پیٹرسن، تبریز شمسی، جارج لِنڈے، ڈارین ڈوپاویلن اور اوٹینیل بارٹ مین۔

مزید پڑھیں: جنوبی افریقہ کا آئندہ ماہ شیڈول دورہ پاکستان مؤخر

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم 16 جنوری کو کراچی پہنچے گی جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی جو ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہو گی۔

سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 جنوری تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی 4-8 فروری تک راولپنڈی کرے گا۔

اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 11، 13 اور 14 فروری کو تین ٹی20 میچوں کی سیریز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 1995 سے اب تک کُل 11 ٹیسٹ سیریز کھیلی جا چکی ہیں جس میں سے جنوبی افریقہ نے 7 میں فتح حاصل کی جبکہ پاکستان اب تک صرف ایک سیریز جیتنے میں کامیاب رہا جو 2003 میں کھیلی گئی تھی۔

یہ پہلا موقع ہو گا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پاکستان میں ٹی20 سیریز کھیلی جائے گی جہاں اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی دونوں سیریز جنوبی افریقہ کی ٹیم جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024