• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am

سپریم کورٹ میں میشا شفیع ہراسانی کیس سماعت کے لیے مقرر

جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ 11 جنوری کو کیس کی سماعت کرے گا—فوٹو: انسٹاگرام
جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ 11 جنوری کو کیس کی سماعت کرے گا—فوٹو: انسٹاگرام

سپریم کورٹ نے گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے گلوکار و اداکار علی ظفر کے خلاف ہراسانی سے متعلق دائر درخواست سے متعلق کیس 11 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر کردیا۔

جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ 11 جنوری کو کیس کی سماعت کرے گا۔

اس ضمن میں سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے تمام فریقین کے وکلا کو نوٹسز جاری کردیے گیے ہیں۔

مزید پڑھیں: میشا شفیع نے ’جنسی ہراساں‘ کیس پر سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا

خیال رہے کہ 2019 میں گلوکارہ میشا شفیع نے محتسب اعلیٰ پنجاب، گورنر پنجاب اور لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے ’جنسی ہراساں‘ کیس کا فیصلہ علی ظفر کے حق میں سنائے جانے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

میشا شفیع نے سپریم کورٹ میں 11 اکتوبر 2019 کو لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے ’جنسی ہراساں کیس‘ علی ظفر کے حق میں سنائے جانے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔

دونوں کے درمیان تنازع اپریل 2018 میں اس وقت سامنے آیا جب میشا شفیع نے علی ظفر پر ایک ٹوئٹ میں جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ علی ظفر نے انہیں ایسے وقت میں جنسی طور پر ہراساں کیا جب وہ 2 بچوں کی ماں اور معروف گلوکار بھی بن چکی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: علی ظفر کےخلاف مہم چلانے کا کیس: ایف آئی اے سے میشا شفیع سے متعلق رپورٹ طلب

تاہم علی ظفر نے ان کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں اپنے خلاف سازش قرار دیا تھا۔

بعد ازاں میشا شفیع نے علی ظفر کے خلاف جنسی ہراساں کرنے کی محتسب اعلیٰ میں درخواست بھی دائر کی تھی اور اس کے جواب میں علی ظفر نے بھی گلوکارہ کے خلاف 100 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

علی ظفر کی جانب سے دائر ہتک عزت کیس کی سماعتیں تاحال سیشن کورٹ میں جاری ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024