• KHI: Maghrib 5:45pm Isha 7:04pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:28pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:31pm
  • KHI: Maghrib 5:45pm Isha 7:04pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:28pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:31pm

پی ڈی ایم کو چھوڑنے والا سیاسی طور پر ختم ہوجائے گا، شاہد خاقان عباسی

شائع January 8, 2021
شاہد خاقان عباسی اس وقت لندن میں ہیں—فائل فوٹو: سی این این
شاہد خاقان عباسی اس وقت لندن میں ہیں—فائل فوٹو: سی این این

لندن: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں دراڑ کی رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایک جماعت اس اتحاد سے دور ہوتی ہے تو وہ خود کو سیاسی طور پر نقصان پہنچائے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق شاہد خاقان عباسی امریکا کا سفر کرنے کے بعد کچھ دنوں سے لندن میں ہیں، جہاں ان کی بہن اور بہنوئی کی طبعیت کووڈ 19 کی وجہ سے کافی خراب تھی، وہ کووڈ ٹیسٹ کے بعد رواں ہفتے پاکستان واپس آجائیں گے۔

شاہد خاقان عباسی نے ان میڈیا رپورٹس کی تصدیق سے انکار بھی کیا کہ وہ لندن میں مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف سے ملے تھے کیونکہ انہیں برطانیہ کے قرنطینہ قواعد کے تحت گھر چھوڑنے سے منع کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: حکومت مافیا کے ایجنڈے پر چل رہی ہے، شاہد خاقان عباسی

انہوں نے ڈان کو بتایا کہ سیاست میں ’اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت ختم ہونی ہے اور تمام جماعتیں اس پر تھک چکی ہیں، یہاں تک کہ اگر ایک جماعت کسی وجہ سے اتحاد سے دور ہوتی ہے تو وہ خود کو سیاسی طور پر تباہ کردے گی‘۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ’اس مداخلت نے ہم سب کو نقصان پہنچایا ہے اور صاف بات ہے کہ یہ جاری نہیں رہ سکتی اور تمام سیاسی گروہ یہ جانتے ہیں‘۔

جب ان سے ایل این جی کرپشن ریفرنس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے حالیہ وارنٹس جاری کرنے کی اطلاعات پر سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’جیل سے مجھے ڈر نہیں لگتا، (اگرچہ) میں اس کا منتظر نہیں ہوں لیکن میں پہلے بھی وہاں تھا اور یہ مجھے دوبارہ ڈال سکتے ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پر پی ایس او کیس میں فرد جرم عائد

دوران گفتگو لانگ مارچ کے لیے پی ڈی ایم کے پلان سے متعلق انہوں نے کہا کہ مارچ ہوگا لیکن یہ آخری کھیل نہیں، ’ہم وزیراعظم اور حکومت کا خاتمہ چاہتے ہیں، اس سے کم کچھ نہیں، میں جانتا ہوں کہ ایک احتجاجی تحریک خود سے حکومت کی تبدیلی نہیں کرسکتی لیکن اس سے عمران خان کو لانے والوں کو پیغام جائے گا کہ ان کا وقت ختم ہوچکا‘۔

اس موقع پر انہوں نے اپوزیشن اور حکومت کے درمیان بیک چینل ڈائیلاگ (پس پردہ مذاکرات) کو بھی مسترد کیا، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ میری رائے میں یہ ’فضول‘ تھے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ’اس حکومت سے بات جیت کا کوئی فائدہ نہیں، اسے بس جانا ہے‘۔


یہ خبر 08 جنوری 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2024
کارٹون : 13 نومبر 2024