• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کراچی: سندھ مدرسۃ الاسلام کے بانی کے پوتے و آصف زرداری کے کزن قتل

شائع January 6, 2021
طبی ٹیم نے بتایا کہ زین حسن آفندی کے جسم سے گولی نکال کر تفتیش کاروں کے سپرد کردی—فائل فوٹو: اےایف پی
طبی ٹیم نے بتایا کہ زین حسن آفندی کے جسم سے گولی نکال کر تفتیش کاروں کے سپرد کردی—فائل فوٹو: اےایف پی

کراچی میں سندھ مدرسۃ الاسلام کے بانی حسن علی آفندی کے پوتے و سابق صدر آصف علی زرداری کے کزن زین حسن آفندی کو قتل کردیا گیا جس کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

جمشید کواٹرز پولیس نے کہا کہ 50 سالہ زین حسن آفندی کو گرومند کے قریب کوسموپولیٹن سوسائٹی میں ان کے گھر میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔

مزید پڑھیں: پشاور: درس قرآن کے معاملے پر تنازع، فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق

سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) شرقی ساجد عامر سدوزئی نے بتایا کہ بدھ کی صبح 5 مسلح افراد دیوار پھلانگ کر بنگلے میں داخل ہوئے اور زین حسن آفندی کے کمرے کے دروازے کا تالا توڑ دیا۔

پولیس نے بتایا کہ مسلح ملزمان نے گھر کے تمام افراد کے موبائل فونز، قیمتی سامان اور طلائی زیور چھین لیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے زین حسن آفندی پر اس وقت فائرنگ کی جب انہوں نے اپنی اہلیہ سے زیورات چھیننے پر مزاحمت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ زین حسن آفندی کو زخمی حالت میں ڈاکٹر روتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: ڈکیتی کے شبہے میں شہری کے قتل میں ملوث 6 پولیس اہلکار گرفتار

ہسپتال کے عہدیدار نے بتایا کہ ان کے منہ میں ایک گولی لگی جو جسم میں پھنس گئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ گولی کو تفتیش کاروں کے سپرد کردیا گیا ہے۔

ایس ایس پی شرقی نے کہا کہ پولیس نے جائے وقوع سے گولیوں کے چھ خول جمع کیے ہیں۔

سینئر افسر نے انکشاف کیا کہ ملزمان نے زین حسن آفندی کی اہلیہ کا ایک والٹ، 2 موبائل فون اور طلائی زیوار چھین لیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے گھر کی تلاشی نہیں لی۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے اور پولیس تفتیش کر رہی ہے کہ یہ ڈکیتی ہے یا ملزمان کا کوئی اور مقصد تھا۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے زین حسن آفندی کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور اہلخانہ کے افراد سے ملاقات کی۔

واضح رہے کہ زین حسن آفندی کی رہائش گاہ اعلیٰ سیکیورٹی زون میں واقع ہے۔

واقعے کے بعد رہائش گاہ کے قریب پولیس کی دو موبائل تعینات کردی گئی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024