• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پی ایس ایل 2021: دستیاب نامور غیر ملکی کھلاڑیوں کی فہرست کا اعلان

کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 10 جنوری کو ہوگی — فال فوٹو / ٹوئٹر
کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 10 جنوری کو ہوگی — فال فوٹو / ٹوئٹر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ان 25 نامور غیر ملکی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا جنہوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آئندہ سیزن میں شرکت کے لیے اپنی دستیابی ظاہر کی ہے۔

لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے لیے 25 غیر ملکی کھلاڑیوں پر مشتمل پلاٹینم فہرست کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس میں ڈیوڈ مِلر، راشد خان، کرس گیل اور ڈیل اسٹین بھی شامل ہیں۔

گزشتہ ماہ کے آخر میں پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے لیے ڈرافٹنگ سے پہلے مختلف فرنچائزوں میں تبدیلی اور فیصلہ سازی کا عمل شروع ہوگیا تھا۔

قبل ازیں لیگ کے اگلے سیزن کے لیے کھلاڑیوں کی کیٹیگری میں تجدید کردی گئی تھی جبکہ لیگ کی انتظامیہ نے ڈرافٹ کے عمل کے لیے پک آرڈر کا بھی اعلان کردیا تھا۔

پی سی بی کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق پلاٹینم کیٹیگری میں شامل اور دستیابی ظاہر کرنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں میں ڈیوڈ مَلان، ڈیوائن براوو، کرس لین، ایلکس ہلز، مورنے مورکل، محمد نبی، عمران طاہر، ٹام بینٹن اور کرس جورڈن بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 6 کیلئے ٹیموں میں تبدیلی شروع، فخر زمان نے قلندرز سے راہیں جدا کرلیں

تاہم ان میں سے چند کھلاڑی پی ایس ایل 2021 کی فروری اور مارچ میں شیڈول وِنڈو کے لیے جزوی طور پر دستیاب ہوں گے۔

پلاٹینم کیٹیگری کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کے نام سامنے آنے کے بعد پی ایس ایل کی چھ فرنچائزز 10 جنوری کو لاہور میں ڈرافٹنگ سے قبل اپنے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو ریلیز یا برقرار رکھ سکتی ہیں۔

پی سی بی کے بیان میں کہا گیا کہ ہر ٹیم زیادہ سے زیادہ 8 کھلاڑیوں کو برقرار رکھ سکتی ہے۔

غیر ملکی کھلاڑیوں کی مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ لیگ کے چھٹے ایڈیشن کی ڈرافٹنگ کی سب سے خاص بات اس دہائی کے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بہترین ٹی ٹوئنٹی کرکٹر راشد خان کا دستیابی ظاہر کرنا ہے۔

افغانستان سے تعلق رکھنے والے لیگ اسپنر اب تک 48 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 89 وکٹیں اور مجموعی طور پر 244 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 338 حاصل کرچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 2021 کیلئے کھلاڑیوں کی کیٹیگریز کی تجدید کردی گئی

بیان میں کہا گیا کہ جنوبی افریقہ کے ڈویڈ ملر، جنہوں نے اب تک ایونٹ میں حصہ نہیں لیا، فرنچائزز کی توجہ کا مرکز ہوں گے۔

اسی فہرست میں جنوبی افریقہ کے مورنے مورکل اور وان دیر دسن کے نام بھی موجود ہیں، جو اس سے قبل کبھی بھی پی ایس ایل کا حصہ نہیں رہے۔ اسی کیٹیگری میں شامل ان کے ہم وطن عمران طاہر، ڈیل اسٹین، رائیلی روسو اور کولن اِنگرام پہلے بھی لیگ میں شرکت کرچکے ہیں۔

اس سے قبل کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے کرس گیل بھی لیگ کے چھٹے ایڈیشن کی ڈرافٹنگ کے لیے دستیاب ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوائن براوو، کارلوس بریتھویٹ، لینڈل سِمنز اور ایوِن لوئس بھی موجود ہیں۔

ڈیوڈ ملان کے علاوہ انگلینڈ کے ایلکس ہیلز، معین علی، کرس جورڈن اور ٹام بینٹن بھی پلاٹینم کیٹیگری میں شامل ہیں۔

افغانستان کے راشد خان کے علاوہ اسپنر مجیب الرحمٰن اور آل راؤنڈر محمد نبی بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

سری لنکا کے تھسارا پریرا اور اشرو اُڈانا، بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمٰن اور نیپال کے سندیپ لامیچانے بھی اسی کیٹیگری میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 2021: کھلاڑیوں کے چناؤ کیلئے ٹیموں کی ترتیب طے پاگئی

ڈائریکٹر کمرشمل بابر حامد نے کہا کہ انہیں پی ایس ایل 2021 کی ڈرافٹنگ سے قبل نامور کرکٹرز پر مشتمل پلاٹینم کیٹیگری کے لیے کھلاڑیوں کے ناموں کی فہرست جاری کرنے پر خوشی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مصروف ایف ٹی پی شیڈول کے باوجود ان معروف کھلاڑیوں کا دستیابی ظاہر کرناایک خوش آئند عمل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں سال بھی پی ایس ایل میں بہترین مقابلے ہوں گے جبکہ ایونٹ کا مکمل انعقاد پاکستان میں ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024