دپیکا پڈوکون دھوم 4 میں ولن بنیں گی؟
خبریں ہیں کہ بولی وڈ ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون پدماوتی بننے کے بعد جلد اسکرین پر طاقتور ولن کے طور پر ایکشن میں دکھائی دیں گی۔
جی ہاں، خبریں ہیں کہ دپیکا پڈوکون آنے والی ایکشن کرائم تھرلر فلم دھوم فور میں ہیروز کو تنگ کرتی دکھائی دیں گی۔
شوبز میگزین فلم فیئر نے ذرائع سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ییش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی بولی وڈ کی کامیاب ترین فلم سیریز دھوم کی چوتھی فلم میں دپیکا پڈوکون کو ولن کے طور پر پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں ذرائع سے بتایا گیا کہ ییش راج پروڈکشن کمپنی اور دپیکا پڈوکون کے درمیان چوتھی فلم کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں تاہم فلم میں پدماوتی ہیروئن کو ولن بنانے کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق ییش راج پروڈکشن کے عہدیدار فلم کے کرداروں اور خاص طور پر ولن کے کردار میں تبدیلی کے خواہاں ہیں اور ہولی وڈ فلموں کی طرح وہ بھی بولی وڈ فلموں میں خواتین کو طاقتور ولن کے طور پر پیش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ دھوم فور کو کب تک ریلیز کیا جائے گا تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کی کاسٹ سے متعلق رواں برس کے وسط تک حتمی اعلان کرکے شوٹنگ شروع کردی جائے گی۔
دھوم سیریز کی آخری اور تیسری فلم دسمبر 2013 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان ولن کے طور پر دکھائی دیے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: دھوم تھری 'ہالی وڈ' چربہ
دھوم سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ہیرو کے مقابلے میں ولن کو زیادہ طاقتور یا منفرد کردار میں دکھایا جاتا ہے۔
پہلی فلم میں جان ابراہم جب کہ دوسری فلم ریتیک روشن اور تیسری فلم میں عامر خان کو ولن کے طور پر دکھایا گیا تھا۔
عامر خان کی جانب سے ولن کا کردار ادا کیے جانے کی وجہ سے سیریز کی تیسری فلم کے خاصے چرچے رہے تھے اور اس میں کترینہ کیف نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔
دھوم سیریز کی تیسری فلم ریلیز ہوتے ہی سیریز کی چوتھی فلم بنانے کا اعلان کیا گیا تھا مگر 7 سال میں اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔
دھوم سیریز کی پہلی فلم 2004 جب کہ دوسری محض 2 سال بعد 2006 میں ریلیز ہوئی تھی۔
اسی طرح سیریز کی تیسری فلم بھی 7 سال بعد 2013 میں ریلیز ہوئی تھی لیکن چوتھی فلم کے حوالے سے تاحال کوئی مصدقہ خبر سامنے نہیں آ سکی۔
تاہم اب خبریں آنا شروع ہوئی ہیں کہ ممکنہ طور پر چوتھی فلم میں ولن کا کردار دپیکا پڈوکون ادا کرتی دکھائی دیں گی۔
مزید پڑھیں: ’دھوم 4‘ کے لیے منتخب نہیں کیا گیا، سلمان خان
پہلے اس حوالے سے یہ چہ مگوئیاں بھی تھیں کہ ممکنہ طور پر سلمان خان یا پھر عامر خان ہی چوتھی فلم میں ولن بنیں گے، لیکن آخری 7 سال میں اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں ہوسکی۔
دھوم سیریز کی تینوں فلموں میں ابھیشیک بچن نے پولیس افسر جب کہ ادے چوپڑا نے پولیس افسر کے بے وقوف ساتھی کا کردار ادا کیا ہے۔
پہلی فلم میں ریمی سین اور ایشا دیول جب کہ دوسری فلم میں ایشوریا رائے اور بپاشا باسو جیسی اداکارائیں بھی شامل تھیں۔
تیسری فلم میں کترینہ کیف کے علاوہ ڈیانا پینٹی نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے جب کہ جیکی شروف بھی مختصر کردار میں دکھائی دیے تھے۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ سیریز کی چوتھی فلم کو آئندہ سال کے اختتام تک ریلیز کردیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کوئی وضاحت جاری نہیں کی گئی۔