وینا ملک کے سابق شوہر کی وزیراعظم و آرمی چیف سے مدد کی اپیل
اداکارہ وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک نے سابق اہلیہ اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست میں تعینات قونصل جنرل پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مدد سے کی اپیل کردی۔
امریکا سے براستہ دبئی، پاکستان پہنچنے کے بعد پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد خٹک نے کہا کہ ان کی سابق اہلیہ وینا ملک فوج اور آئی ایس آئی سمیت دیگر ریاستی اداروں کو بدنام کر رہی ہیں مگر متعلقہ اداروں کے حکام نوٹس نہیں لے رہے۔
اسد خٹک نے دعویٰ کیا کہ وینا ملک انہیں فوج، آئی ایس آئی اور آئی ایس پی آر کے نام سے ڈراتی اور دھمکیاں دیتی ہیں، وہ آرمی چیف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان معاملات کی تفتیش کروائی جائے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ دبئی کی عدالت نے بچوں کی حوالگی کا فیصلہ ان کے حق میں دیتے ہوئے دبئی کی حکومت کو ہدایات کی تھیں کہ اسد خٹک کے بچے دبئی سے باہر نہیں جانے چاہئیں اور ابھی تک تکنیکی اعتبار سے ان کے بچے وہاں سے باہر نہیں گئے لیکن وینا ملک نے وہاں تعینات پاکستانی قونصل جنرل کی مدد سے ان کے بچوں کو اغوا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وینا ملک کی سابق شوہر کو گالیاں اور دھمکیاں دینے کی مبینہ آڈیو وائرل
اسد خٹک نے دعویٰ کیا کہ دبئی میں مقیم قونصل جنرل امجد علی نے وینا ملک کے کہنے پر ان کے بچوں کے آؤٹ پاس دستاویزات بنائے جو اس وقت بنائے جاتے ہیں جب کسی کو ایمرجنسی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوں کہ ان کے بچوں کے پاسپورٹ دبئی حکومت نے تحویل میں لے رکھے تھے، اس لیے وینا ملک کے کہنے پر دبئی میں مقیم پاکستانی قونصل جنرل نے آؤٹ پاس بنا کر ان کے بچوں کو دبئی سے پاکستان منتقل کروایا جو ایک طرح سے غیر قانونی کام ہے۔
انہوں نے اسی معاملے پر کہا کہ تکنیکی اعتبار سے اب بھی ان کے بچے دبئی میں مقیم ہیں لیکن درحقیقت ان کے بچوں کو اغوا کرکے پاکستان منتقل کیا گیا ہے۔
اسد خٹک نے اپنے بچوں کو غیر قانونی طریقے سے پاکستان منتقل کیے جانے کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف سے مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے اپیل کی کہ وہ معاملے کی تفتیش کروائیں۔
مزید پڑھیں: سابق شوہر کا وینا ملک کو 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس
انہوں نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ وینا ملک انہیں اور ان کے اہل خانہ کو سنگین قسم کی دھمکیاں دیتے ہوئے فوج اور آئی ایس آئی کا نام بھی استعمال کر رہی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے بچوں کو اغوا کرنے کے معاملے پر وینا ملک کو قانونی نوٹس بھی بھجوا رکھا ہے اور وہ پاکستان محض اپنے بچوں کی خاطر ہی آئے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اسد خٹک اور وینا ملک نے 25 دسمبر 2013 کو شادی کی تھی اور دونوں کے دو بچے بھی ہیں تاہم تعلقات خراب ہونے پر دونوں میں محض 4 سال بعد 2017 میں طلاق ہوگئی تھی۔
اب دونوں کے درمیان بچوں کی حوالگی سے متعلق سوشل میڈیا پر جنگ جاری ہے اور دونوں ایک دوسرے پر سنگین الزامات لگاتے آ رہے ہیں۔
دونوں کا دعویٰ ہے کہ دونوں نے ایک دوسرے کو قانونی نوٹس بھی بھجوا رکھے ہیں تاہم تاحال دونوں نے ایک دوسرے کے قانونی نوٹسز ملنے کی تصدیق نہیں کی۔
مزید پڑھیں: وینا ملک کا بھی سابق شوہر کو 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس
اسد خٹک، امریکا میں رہتے ہیں اور ان کے پاس دبئی کی شہریت بھی ہے اور وہ 4 جنوری 2021 کو ہی پاکستان پہنچے تھے۔
پاکستان پہنچنے کے بعد انہوں نے ٹوئٹ پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بچوں کی حفاظت اور انصاف کی خاطر ہی پاکستان آئے ہیں۔