• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید ایک ہزار 895 افراد متاثر، 39 کا انتقال

شائع January 4, 2021
پاکستان میں گزشتہ 2 روز میں اموات میں کمی دیکھی گئی— فائل فوٹو: محمد عاصم
پاکستان میں گزشتہ 2 روز میں اموات میں کمی دیکھی گئی— فائل فوٹو: محمد عاصم

سال 2021 میں بھی پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے تاہم گزشتہ 2 روز میں اس عالمی وبا سے ہونے والی اموات میں کچھ کمی دیکھی گئی ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے سامنے آئے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں ایک ہزار 895 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ مزید 39 افراد لقمہ اجل بنے تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد ایک ہزار 797 رہی۔

یوں اب تک ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 88 ہزار 529 ہوگئی جس میں سے 90 فیصد سے زائد یعنی 4 لاکھ 42 ہزار 457 مریض صحتیاب ہوگئے جبکہ اموات کی تعداد 10 ہزار 350 تک پہنچ گئی، اس طرح ملک میں فعال کیسز کی تعداد 35 ہزار 722 رہ گئی۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا اور جون میں اس کا پھیلاؤ عروج پر جا پہنچا تھا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی اور حکومت کی جانب سے دوبارہ تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئیں جبکہ دسمبر میں بھی صورتحال پریشان کن ہے۔

آج 4 جنوری 2021 کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے:

سندھ

پاکستان میں اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ سندھ ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 961 کیسز کا اضافہ ہوا اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 18ہزار 597 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 17 مریضوں کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 611 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 526 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار 714 ہوگئی۔

تاہم صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 15 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 124 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 229 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 59ہزار 484 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 3 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 675 پر جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 247 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور مجموعی اموات کی تعداد 185 پر برقرار رہی۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 117 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 38 ہزار 263 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید 4 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 428 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 32 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 8 ہزار 357 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید کوئی مریض کے انتقال کی تصدیق نہیں ہوئی، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 226 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کا ایک نیا کیس رپورٹ ہوا جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 867 ہوگئی۔

تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 101 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 797 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد4 لاکھ 42 ہزار 457 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 488529

صحتیاب: 442457

اموات: 10350

فعال کیسز: 35722

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 18 ہزار 597 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 40 ہزار 714 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 59ہزار 484 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 247 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 38 ہزار 263، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 357 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 867 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 3611

پنجاب: 4124

خیبرپختونخوا: 1675

بلوچستان: 185

اسلام آباد: 428

آزاد کشمیر: 226

گلگت بلتستان: 101

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024