• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

تحریک لبیک نے فرانسیسی سفیر کو ملک بدر نہ کرنے پر دوبارہ احتجاج سے خبردار کردیا

شائع January 4, 2021
تحریک لبیک نے نومبر میں اسلام آباد میں احتجاج کیا تھا—فائل فوٹو: اے ایف پی
تحریک لبیک نے نومبر میں اسلام آباد میں احتجاج کیا تھا—فائل فوٹو: اے ایف پی

لاہور: تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے خبردار کیا ہے کہ حکومت نے اگر 17 فروری تک توہین رسالت ﷺ کے معاملے پر فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کا اپنا وعدہ پورا نہیں کیا تو وہ اپنا احتجاج دوبارہ شروع کرے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ٹی ایل پی کے نئے سربراہ مولانا سعد رضوی نے اپنے والد اور تحریک کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کے چہلم کے موقع پر کہا کہ ’ہم 17 فروری تک معاہدے پر عملدرآمد کے پابند ہیں، حضور ﷺ کی ناموس کے (تحفظ) کے لیے جنگ شروع ہوچکی ہے، اگر کسی کو کوئی غلط فہمی ہے تو اسے دور کرلینا چاہیے کیونکہ ہم عہد کرتے ہیں کہ 17 فروری کے بعد فیصلہ لینے میں کوئی تاخیر نہیں ہوگی‘۔

واضح رہے کہ فرانس میں پیغمبر اسلام محمد ﷺ کے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر تحریک لبیک پاکستان نے اسلام آباد میں احتجاج کیا تھا جسے حکومت کے ساتھ معاہدے کے بعد ختم کردیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: تحریک لبیک کا حکومت کی جانب سے ان کے تمام مطالبات تسلیم کیے جانے کا دعویٰ

اس معاہدے کے 2 روز بعد 19 نومبر 2020 کو خادم حسین رضوی انتقال کرگئے تھے۔

معاہدے میں کہا گیا تھا کہ حکومت فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے سے متعلق 3 ماہ میں پارلیمنٹ سے فیصلہ لے گی، فرانس میں اپنا سفیر مقرر نہیں کرے گی اور ٹی ایل پی کے تمام گرفتار کارکنان کو رہا کرے گی، مزید یہ کہ حکومت دھرنا ہونے کے بعد ٹی ایل پی رہنماؤں یا کارکنان کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کرے گی۔

اگرچہ آخری 2 مطالبات فوری طور پر مان لیے گئے تھے لیکن پہلا مطالبہ ابھی تک زیر التوا ہے۔

ادھر چہلم میں شریک ہزاروں لوگوں سے خطاب میں سعد رضوی نے حکومت کو خبردار کیا کہ ’اگر آپ اپنا معاہدہ بھول گئے ہیں تو ہماری تاریخ دیکھ لیں، اب ہم (حضور ﷺ کی ناموس کے لیے) مرنے کو مزید تیار ہیں، آپ کے پاس فرانسیسی سفیر کو نکالنے کے لیے 17 فروری تک کا وقت ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی انتقال کرگئے

ان کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی کارکنان میں سے ہی لیڈر بنے ہیں لہٰذا وہ کارکنان کے جذبات کو اچھی طرح سمجھتے ہیں، مزید یہ اس سے قبل لوگ اس مقصد کے لیے مالی اعانت کے لیے آتے تھے لیکن اب وہ اپنی جانوں کے نذرانے کے ساتھ آرہے ہیں۔

سعد حسین رضوی کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کے ساتھ معاہدے کے تحت 3 ماہ کے لیے انتظار کرنے کے پابند ہیں تاکہ حکمران پارلیمنٹ کے ذریعے فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے پر قانون سازی کرے لیکن اس ڈیڈلائن کے بعد ہم خاموش نہیں رہیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024