• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھر خریدنے کیلئے 2 کروڑ 35 لاکھ روپے کی منظوری

وزیراعلیٰ  نے راج کپور کے گھر کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے، دلیپ کمار کے گھر کیلئے 85 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دی— فائل فوٹو: ہندوستان ٹائمز
وزیراعلیٰ نے راج کپور کے گھر کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے، دلیپ کمار کے گھر کیلئے 85 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دی— فائل فوٹو: ہندوستان ٹائمز

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبائی دارالحکومت پشاور میں واقع بولی وڈ اداکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کو میوزیم میں تبدیل کرنے کی غرض سے ان کی خریداری کے لیے 2 کروڑ 35 لاکھ روپے کے فنڈز کے اجرا کی منظوری دے دی۔

ڈی سی پشاور کی متعین کردہ قیمتوں کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے لیجنڈ اداکاروں کے آبائی گھروں کی خریداری کے لیے فنڈز کی منظوری دی۔

محمود خان نے راج کپور کی حویلی کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے جبکہ دلیپ کمار کے گھر کی خریداری کے لیے 85 لاکھ 60 ہزار روپے جاری کرنے کی منظوری دی۔

دوسری جانب اس حوالے سے جاری کردہ ایک ویڈیو بیان میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا کی کوشش رہی ہے کہ صوبے میں سیاحت کا فروغ ہو اور یہاں معاشی سرگرمیاں جاری رکھی جا سکیں۔

مزید پڑھیں: حکومتِ خیبرپختونخوا نے دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کی قیمتوں کا تعین کرلیا

کامران بنگش کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے حکومت خیبرپختونخوا کا کائیٹ پراجیکٹ بہت کامیاب رہا ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کووڈ کے درمیان ہم نے انفراسٹرکچر کے بہت پراجیکٹ کیے جس کے تحت پشاور میں دلیپ کمار کے آبائی گھر اور راج کپور کی حویلی کو عجائب گھر بنائیں گے۔

—فائل فوٹو: شکیل واحد اللہ
—فائل فوٹو: شکیل واحد اللہ

کامران بنگش نے کہا کہ دونوں گھروں کے لیے وزیراعلیٰ محمود خان نے 2 کروڑ 35 لاکھ روپے کی منظوری دے دی اور دونوں کی خریداری کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ عوام کے لیے ایک اوپن میوزیم ہوگا اور اس کی بنا پر ہم پشاور کو سیاحت اور ثقافت کا مرکز بنائیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس ستمبر کے اواخر میں خیبرپختونخوا کے محکمہ آثار قدیمہ و میوزیم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالصمد نے بتایا تھا کہ صوبائی حکومت نے بولی وڈ کے لیجنڈ اداکاروں کے گھروں کو خریدنے کے لیے سرکاری سطح پر کارروائی شروع کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کے پی حکومت کا دلیپ اور راج کپور کے گھروں کو میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

انہوں نے کہا تھا کہ حکومت، دلیپ اور راج کپور کے گھروں کو خرید کر وہاں تزئین و آرائش کے بعد دونوں جگہوں کو میوزیم میں تبدیل کرکے سیاحت کو فروغ دے گی۔

ڈاکٹر عبدالصمد کے مطابق دونوں اداکاروں کے گھروں کے حالیہ مالکان وہاں کمرشل پلازہ بنانے کے خواہاں ہیں اور انہوں نے اسی سلسلے میں دونوں تاریخی عمارتوں کی توڑ پھوڑ بھی شروع کردی تھی۔

بعدازاں اکتوبر ہی میں صوبائی حکومت نے دلیپ کمار کے گھر اور کپور حویلی پر سیکشن فور نافذ کردیا تھا جس کے مطابق اب یہ اراضی حکومت کی جانب سے خریدی جائے گی۔

—فائل فوٹو: انڈیپنڈنٹ اردو
—فائل فوٹو: انڈیپنڈنٹ اردو

تاہم اکتوبر میں کپور حویلی کی ملکیت کا دعویٰ کرنے والے حاجی خوشحال رسول کے بیٹے نے کہا تھا کہ ان کے خاندان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ کپور حویلی کے عوض حکومت خیبرپختونخوا سے 2 ارب روپے وصول کریں گے۔

بعدازاں دسمبر میں حکومتِ خیبرپختونخوا کی جانب سے دلیپ کمار کے گھر کی قیمت مجموعی طور پر 80 لاکھ 56 ہزار اور راج کپور کی حویلی کی قیمت ڈیڑھ کروڑ روپے مقرر کی گئی تھی۔

دستاویز میں کہا گیا تھا کہ حکومت خیبرپختونخوا مجموعی طور پر دونوں گھروں کو خریدنے کے لیے 2 کروڑ 40 لاکھ روپے ادا کرے گی۔

اس سلسلے میں محکمہ آثار قدیمہ نے فنڈز کی فراہمی کے لیے سیکریٹری ثقافت کو مراسلہ بھی ارسال کیا تھا۔

خیال رہے کہ دلیپ اور راج کپور تقسیم ہند سے قبل متحدہ ہندوستان میں پشاور میں پیدا ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: ’کپور حویلی کی مطلوبہ رقم نہ ملی تو اسے منہدم کرکے کمرشل پلازہ بنائیں گے’

دلیپ کمار کی پیدائش پشاور کے حالیہ علاقے قصہ خوانی بازار میں 1922 میں مسلمان گھرانے میں ہوئی تھی اور ان کا اصل نام محمد یوسف ہے۔

دلیپ کمار کو ان کی فلمی خدمات پر حکومت پاکستان نشان امتیاز سے بھی نواز چکی ہے۔

اسی طرح راج کپور کی پیدائش پشاور کے حالیہ علاقے حویلی دلگران میں ہندو خاندان میں 1924 میں ہوئی تھی۔

2013 میں دلیپ کمار کے گھر کو وفاقی حکومت نے قومی ورثہ قرار دیا تھا اور1988 میں دلیپ کمار نے اس آبائی گھر کا دورہ کیا تھا۔

دونوں بولی وڈ لیجنڈز کے علاوہ بھی دیگر چند بولی وڈ شخصیات پشاور اور خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں میں پیدا ہوئی تھیں جب کہ متعدد شخصیات حالیہ پاکستان کے دیگر صوبوں پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں بھی پیدا ہوئی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024