پی ڈی ایم کے سرکس کو قوم نے مسترد کردیا، مراد سعید
وفاقی وزیر مواصلات اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مراد سعید نے کہا ہے کہ میڈیا پر چلنے والے حکومت مخالف اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سرکس (احتجاجی جلسوں) کو قوم نے مسترد کردیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں میں موروثی سیاست پروان چڑھ رہی ہیں جبکہ یہ ہی اپوزیشن احتساب کے عمل کو شفافیت سے دور رکھنے کے لیے تمام حربے استعمال کررہی ہے اور فیٹف قانون سازی پر بھی حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی۔
مزید پڑھیں: وفاقی وزیر مراد سعید نے اپوزیشن کو مناظرے کا چیلنج دے دیا
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان اتنخابات سمیت پشاور، لاہور اور ملتان جلسے میں عوام نے اپوزیشن کے بیانیے کو مسترد کردیا ہے۔
انہوں نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور مسلم لیگ (ن) کے قائد کے حوالے سے کہا کہ آصف علی زرداری اور نواز شریف نے کیمپ آفس اور سیکیورٹی کے نام پر بالترتیب 316 کروڑ 40 لاکھ روپے اور 431 کروڑ 83 لاکھ روپے اڑادیے۔
مراد سعید نے کہا کہ ان لوگوں کے گھر پاکستان کے عوام کے پیسوں سے چل رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: مناظرہ کرلیں ہم آئینہ دکھانے کیلئے تیار ہیں، مراد سعید کی ایک مرتبہ پھر بلاول بھٹو کو پیشکش
وفاق وزیر مواصلات نے کہا کہ ایک طرف اپوزیشن فوج پر سیاست کا الزام اور دوسری طرف فوج کو ان چیزوں میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران مراد سعید نے وزیر اعظم عمران خان کے حوالے سے مختلف بیانات پر مبنی ویڈیوز بھی دکھائیں جس میں پناہ گاہ اور مزدور طبقے کی فلاح و بہبود کے بارے میں بات کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک کے نیم متوسط طبقے کو محرومی سے نکالنے کے لیے متعدد اقدامات کیے جبکہ سابقہ حکومتوں نے محض اپنی جیب بھرنے کے لیے ترقیاتی منصوبے شروع کیے اور لوگوں کا پیسہ لوٹا۔
مزید پڑھیں: حکومت سندھ 8 برسوں میں ایسا ہسپتال نہ بناسکی جہاں آصف زرداری کا علاج ہوسکے، مراد سعید
مراد سعید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے جس طرح کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اٹھایا اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام وبا کے دنوں میں اُمید بن گیا اور ایک کروڑ 20 لاکھ افراد میں فنڈز تقسیم کیے جس کو دنیا نے سراہا، صوبوں کو حفاظتی کٹس فراہم کیں۔