• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پی ڈی ایم کے خلاف میڈیا کے ذریعے سازشیں پھیلائی جارہی ہیں، بلاول بھٹو

شائع January 3, 2021
چیئرمین پیپلز پارٹی نے ٹھٹہ میں پریس کانفرنس کی — تصویر: ڈان نیوز
چیئرمین پیپلز پارٹی نے ٹھٹہ میں پریس کانفرنس کی — تصویر: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حقیقی اور عوامی نمائندہ، جمہوریت پسند تحریک چلانے جارہی ہے اور اس کے خلاف سازشی اور غیر جمہوری طاقتوں کی جانب سے جان بوجھ کر میڈیا کے ذریعے سازشیں پھیلائی جارہی ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ 'حکومتی وزرا کی سازش اور پروپیگنڈے' کو زیادہ جگہ نہ دیں، انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں میڈیا کے کیمروں میں بڑی طاقت ہے، اتنی طاقت ہے کہ جب عمران خان اسلام آباد میں خالی کرسیوں سے خطاب کررہے تھے آپ اسے انقلاب کی طرح پیش کررہے تھے۔

ٹھٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جیت پیپلز پارٹی کی جیت اور پیپلز پارٹی کی جیت پی ڈی ایم کی جیت ہے اس لیے کہ ہم ایک ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اب یہ کھلواڑ، سلیکٹڈ اور سلیکشن کا کاروبار بند ہوگا، بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عوام کو گیس، بجلی بلز اور کھانے پینے کی اشیا کا بوجھ صرف اس لیے اٹھانا پڑ رہا ہے کہ ہم پر 'ناجائز، نااہل وزیراعظم' مسلط کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پورے ملک کے عوام کے ساتھ مل کر جدو جہد کریں گے اور ظالم حکمران کو گھر بھیجیں گے جو ان مشکل حالات اور معاشی بحران میں 2 سال بعد کہتا ہے کہ کیا کریں وہ اب بھی زیر تربیت ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اگر وزیراعظم کے پاس ہمارے عوام کے مسائل کا حل نہیں ہے، اگر وزیراعظم، پیپلز پارٹی کی طرح عوام کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کرسکتا، بجلی، گیس کی قیمتیں کم نہیں کرسکتا، مہنگائی کا مقابلہ کرنے کا کوئی حل نہیں ہے تو اسے مستعفی ہونا چاہیے۔

مزید پڑھیں:پی ڈی ایم کے حکومت سے مذاکرات نہیں ہورہے، بلاول بھٹو زرداری

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس ملک کو موقع دینا چاہئیں کہ ایسے شخص کو منتخب کریں جس کے پاس عوامی مسئال کا حل ہو، ہم سمجھتے ہیں کہ کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان جیسے ملک کی شرح نمو بنگلہ دیش اور افغانستان سے بھی نیچے ہو جبکہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح ان دونوں ممالک سے زیادہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے، پاکستان کے عوام، معیشت کے لیے بہت سے مواقع ہیں مگر افسوس کے ساتھ ایسا نالائق شخص ہم پر مسلط کیا گیا ہے جس کے پاس عوام کے مسائل کا کوئی حل موجود نہیں ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم ٹھٹہ اور پاکستان کے عوام کو دعوت دیتے ہیں کہ پی ڈی ایم کا ساتھ دیں ہم مل کر کٹھ پتلی راج اور ہائبرڈ رجیم کو ہٹائیں گے اور عوامی حکومت منتخب کریں گے۔

آصف زرداری کے پاس ترپ کے پتے ہونے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کسی اور پر نہیں عوام کی طاقت اور عوام پر ہی بھروسہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جمہوریت کیلئے حکومت سندھ اور قومی اسمبلی کی قربانی دینے کو تیار ہیں، بلاول

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے ملک کے مزدور، کسان، غریب عوام، سفید پوش طبقہ، تاجر، ڈاکٹر، صحافی سب تنگ آچکے ہیں اور مشکل حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جہاں تک آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کی بات ہے، یہ ہمارا ریکارڈ ہے کہ ہم نے نہ صرف غیر جمہوری طاقتوں کا مقابلہ کیا، تحریکیں چلائیں مگر ہم کامیاب بھی ہوئے ہیں اور کامیاب اس لیے ہوئے کہ ہم عوام کی طاقت سے سیاست کرتے ہیں۔

سندھ کے جزائر سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ اور بلوچستان کے جزائر پر قبضہ کرنے کی سازش کے خلاف پیپلز پارٹی کی آواز نہ صرف آج سب سے بلند ہے بلکہ جب پرویز مشرف کے دور میں بھی یہ کوشش کی گئی تھی تو پیپلز نے صف اول میں کردار ادا کیا تھا۔

اس کے علاوہ انہوں نے بلوچستان میں کان کنوں کے قتل کے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024