• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ملک بھر میں تعلیمی ادارے 25 جنوری سے مرحلہ وار کھولنے کا امکان

شائع January 2, 2021
تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے پر زور دیا گیا ہے—فوٹو: اے ایف پی
تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے پر زور دیا گیا ہے—فوٹو: اے ایف پی

ملک بھر میں تعلیمی ادارے 25 جنوری سے مرحلہ وار کھولے جانے کا امکان ہے تاہم اس سے متعلق حتمی فیصلہ 4 جنوری کو بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں ہوگا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ ملک میں تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق تمام فیصلے ہیلتھ ایڈوائزری کی بنیاد پر لیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: ملک کے تمام تعلیمی ادارے 26 نومبر سے بند کرنے کا فیصلہ

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر قیادت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں چاروں صوبوں کے وزرائے تعلیم شریک ہوں گے.

اس ضمن میں فیڈرل ایجوکیشن سے تعلق رکھنے والے ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے تعلیمی ادارے 3 مرحلے میں کھولنے کی تجویز دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلےمیں 25 جنوری سے پرائمری اسکولز، دوسرے مرحلے میں 4 فروری سے مڈل اور سیکنڈری اسکولز جبکہ تیسرے مرحلے میں اعلیٰ تعلیمی ادارے کھولنے کی تجویز شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب: تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات نہ دینے کا اعلان

ذرائع نے بتایا کہ ملک بھر میں امتحانات مئی کے آخر یا جون میں کرانے کی تجویز بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس خاص طور پر تعلیمی اداروں میں کیسز کی شرح میں اضافے کو دیکھتے ہوئے حکومت نے ملک بھر کے تمام تعلیمی اداروں کو 26 نومبر سے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا تھا کہ 26 نومبر سے 24 دسمبر تک گھروں سے پڑھائی کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ 25 دسمبر سے 10 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی اور اس دوران تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ 11 جنوری کو حالات کی بہتری پر تمام تعلیمی ادارے دوبارہ کھول دیے جائیں گے تاہم جنوری کے پہلے ہفتے میں ایک جائزہ اجلاس ہوگا۔

خیال رہے کہ ملک میں یومیہ کیسز اور اموات میں اضافہ ہوا ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق آج سامنے آنے والے یکم جنوری کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 2 ہزار 184 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 82 افراد مزید لقمہ اجل بنے تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد ایک ہزار 745 رہی۔

یوں اب تک ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 84 ہزار 362 ہوگئی جس میں سے 90 فیصد سے زائد یعنی 4 لاکھ 38 ہزار 974 صحتیاب ہوگئے جبکہ اموات کی تعداد 10 ہزار 258 تک پہنچ گئی، اس طرح ملک میں فعال کیسز کی تعداد 35 ہزار 130 رہ گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024