نواز شریف لائن آف کنٹرول پر سیز فائر بحالی کے خواہاں

شائع August 8, 2013

دفتر خارجہ کے اجلاس میں آفیشلز وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو بریفنگ دے رہے ہیں۔ فوٹو اے پی پی

اسلام آباد: وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے ہندوستان سے جاری تناؤ کو کم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دونوں ملکوں پر زور دیا ہے کہ وہ 10 سال سے قائم سیز فائر کو بحال کریں۔

وزیراعظم نے جمعرات کو دفتر خارجہ میں وزارت خارجہ کے حکام کی طرف سے دی گئی بریفنگ کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نواز شریف نے لائن آف کنٹرول پر پیش آنے والے حالیہ واقعات کے نتیجے میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔

نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان دونوں کے لیے ناگزیر ہے کہ دونوں موثر اقدامات کو یقینی بنائیں اور لائن آف کنٹرول پر سیزفائر بحال کریں۔

وزیراعظم نے بریفنگ کے دوران زور دیا کہ غلط فہمی سے بچنے اور صورتحال کو مزید خراب نہ ہونے دینے کیلئے دونوں ممالک کی افواج کے مابین موجودہ چینلز کو زیادہ بہتر طریقے سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، ہندوستان کے ساتھ سیاسی اور عسکری دونوں سطحوں پر موجودہ طریق کار کو مزید مستحکم بنانے کے لئے اقدامات پر بات چیت کے لئے تیار ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کی قیادت پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ صورتحال کو خراب نہ ہونے دیں اور اعتماد سازی کے نکتہ نظر سے مثبت انداز سے بات چیت کے ماحول میں بہتری کیلیے اقدامات کریں۔

نواز شریف نے کہا کہ وہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر اپنے ہندوستانی ہم منصب منموہن سنگھ سے ملاقات کے لیے منتظر ہیں اور اس دوران مزید اعتماد سازی کے لئے اقدامات اور تعلقات کی مضبوطی کے لئے بات چیت کریں گے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان تمام معاملات پر تعمیری بات چیت کے ذریعے ہندوستان کے ساتھ تعلقات کی بہتری کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید، وزیراعظم کے قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دفتر خارجہ اور وزیر اعظم آفس کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

تبصرے (1) بند ہیں

جنگ بندی کے دس سال Aug 13, 2013 02:30pm
[…] منسٹر نواز شریف نے ایل او سی پر ہونے والے حالیہ واقعات پر افسوس کا اظہار کر کے صحیح قدم اٹھایا- انہوں نے کہا کہ پاکستان اور […]

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2025
کارٹون : 22 دسمبر 2025