• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

سندھ جنوری کے وسط تک کووڈ 19 ویکسین حاصل کرلے گا، صوبائی وزیر صحت

شائع January 2, 2021
سب سے پہلے ویکسین کووڈ وارڈز میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والوں کو فراہم کی جائے گی—فائل فوٹو: رائٹرز
سب سے پہلے ویکسین کووڈ وارڈز میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والوں کو فراہم کی جائے گی—فائل فوٹو: رائٹرز

کراچی: محکمہ صحت نے نیشنل ویکسین ٹاسک فورس اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) سے 15 جنوری تک کووڈ 19 ویکسین کی فراہمی کا عہد حاصل کرنے کے بعد صوبائی ویکسین ایڈمنسٹریشن کوآرڈینیشن سیل (پی وی اے سی سی) کو نوٹیفائڈ کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ معاملے پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ این سی او سی اور قومی ویکسین ٹاسک فورس نے جنوری کے وسط تک صوبے کو کووڈ 19 ویکسین کی ڈھائی لاکھ خوراک فراہم کرنے کا عزم کیا ہے اور ہر فرد کو 21 دنوں کے فرق کے ساتھ 2 خوراک ملیں گی۔

انہوں نے حکام کو بتایا کہ پہلے مرحلے میں کووڈ وارڈز میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والوں اور کورونا وائرس مریضوں کا علاج کرنے والے دیگر فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین فراہم کی جائے گی۔

صوبائی وزیر صحت نے اسٹاف کو ہدایت کی کہ وہ نجی اور سرکاری صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں کام کرنے والوں کا ڈیٹا مرتب کریں جو ویکسین دینے کے پہلے مرحلے میں بھی شامل ہوں گے۔

دوسرے مرحلے میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد اور وہ جنہیں دیگر بیماریاں بھی لاحق ہوں انہیں ویکسین دی جائے گی۔

جن لوگوں کو ویکسین دینے کے لیے منتخب کیا جائے گا انہیں بذریعہ فون کال ویکسین دینے سے متعلق پیشگی معلومات دی جائے گی جبکہ بعد ازاں وہ ویکسینیشن کار حاصل کریں گے۔

اس کے علاوہ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ایکسپو سینٹر میں 50 کیوبکلز قائم کیے جائیں گے اور ایک روز میں 5 ہزار افراد کو ویکسین دی جائے گی۔

مزید یہ کہ سندھ کے اندرونی علاقوں میں ٹیرٹری کیئر ہسپتالوں میں ویکسین دینے کے لیے سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

محکمہ صحت کے نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی ویکسین ایڈمنسٹریشن سیل کی سربراہی سیکریٹری صحت ڈاکٹر کاظم حسین جتوئی کریں گے جبکہ اس کے اراکین میں رکن صوبائی اسمبلی/ پارلیمانی سیکریٹری محمد قاسم سومرو، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر ارشاد احمد، پروگرام ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر اکرم سلطان، محکمہ صحت میں سیکشن آفیسرز ڈاکٹر مظاہر علی، رضا محمد شر، سندھ آئی ٹی ہیڈ فیضان گل شیخ اور ایمرجنسی آپریشن سینٹر ( ای او سی) برائے پولیو میں صوبائی ٹیکنکل فوکل پرسن ڈاکٹر احمد علی شیخ ہیں۔

ای او سی میں کوآرڈینیٹر فیاض حسین عباسی اور ایڈیشنل سیکریٹری پی ایچ ڈاکٹر منظور علی وسان بالترتیب فوکل پرس اور ڈپٹی فوکل پرسن کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ (وفاقی) کابینہ کی خصوصی کمیٹی نے حال ہی میں چینی سرکاری کمپنی سنوفارم سے ویکسین کی 11 لاکھ خوراک کی پہلے سے بکنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

مذکورہ فیصلہ اس دن کیا گیا جب سینوفارم نے اعلان کیا کہ اس کی کووڈ-19 ویکسین 79.34 فیصد مؤثر ہے، بعدازاں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کی جانب سے ہنگامی طور پراس کے استعمال کی منظوری دی گئی تھی۔

منظوری اور خریداری کے بعد حکومت 2021 کی پہلی سہ ماہی میں تمام فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو بلا معاوضہ کووڈ-19 ویکسین فراہم کرے گی۔


یہ خبر 02 جنوری 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024