• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

دوا سازوں کا کورونا ویکسین کی تیاری کیلئے لائسنس حاصل کرنے پر زور

شائع January 1, 2021
دوا سازوں کا کہنا تھا کہ نجی شعبے کو ویکسین درآمد کرنے کی اجازت ملنی چاہیے تا کہ حکومت کا بوجھ کم ہوسکے—فائل فوٹو: رائٹرز
دوا سازوں کا کہنا تھا کہ نجی شعبے کو ویکسین درآمد کرنے کی اجازت ملنی چاہیے تا کہ حکومت کا بوجھ کم ہوسکے—فائل فوٹو: رائٹرز

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک بھر میں ویکسین لگانے کے سیلز قائم کرنے کا فیصلہ کیا وہیں دوا ساز کمپنیوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ چونکہ پاکستان کی پوری آبادی کے لیے ویکسین درآمد کرنے میں برسوں لگ جائیں گے اس لیے مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری کے لائسنس جاری کیے جائیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق فارما بیورو کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عائشہ ٹیمی حق نے بتایا کہ دینا میں صرف 4 دوا ساز کمپنیوں نے اپنی ویکسین مؤثر ہونے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی آبادی محض ایک کروڑ نہیں ہے اس لیے ہمیں ویکسین کی تیاری شروع کرنے کے لائسنس حاصل کرنے کی ضرورت ہے کیوں دوسری صورت میں اس کی عدم دستیابی اور شدید طلب کی وجہ سے ویکسین کے حصول میں برسوں لگ جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا ویکسینیشن کیلئے ڈسٹرکٹ اور تعلقہ ہسپتالوں میں ہیلتھ سینٹرز قائم کیے جائیں گے

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ملک میں ویکسین تیار کرنے کے قابلیت اور صلاحیت رکھتا ہے ہمیں صرف ملٹی نیشنل دوا ساز کمپنی نے اس کے فارمولے کے تحت ویکسین تیار کرنے کے لیے لائسنس لینا پڑے گا۔

عائشہ حق کا کہنا تھا کہ بھارت ویکسین کی 32 کروڑ خوراکیں تیار کرنے والا ہے اور دعویٰ کیا کہ پاکستان کو بھی یہی کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں ویکسین باآسانی سے دستیاب ہوگی، پاکستان کو دیگر ممالک کی طرح پہلے ہی ویکسین بک کروالینی چاہیے تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اب ہمیں شاید صرف چینی ویکسین ہی ملے اور دیگر ممالک سے ویکسین حاصل کرنے میں چند سال لگ سکتے ہیں اس لیے ہمیں ویکسین تیار کرنے کے لائسنس کے حصول کی کوشش کرنی چاہیے۔

دوسری جانب پاکستان فارماسوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین توقیر یو آئی حق نے کہا کہ چینی اور روسی ویکسین ممکنہ طور پر مارچ سے دستیاب ہوگی۔

مزید پڑھیں: چینی کمپنی سے کورونا ویکسین کی 11لاکھ خوراک کی ایڈوانس بکنگ کا فیصلہ

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 'نجی شعبے کو ویکسین درآمد کرنے کی اجازت ملنی چاہیے تا کہ حکومت کا بوجھ کم ہوسکے، حکومت اسے مفت فراہم کرے گی لیکن نجی شعبہ اسے فروخت کرے گا۔

توقیر حق کا مزید کہنا تھا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) کو پاکستان کی 15 بڑی کمپنیوں کو فوری منظوری دینی چاہیے جو ویکسین برآمد کرنے ، محفوظ کرنے اور تقسیم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

154 ڈاکٹروں کا کورونا وائرس سے انتقال

دوسری جانب پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے کہا ہے کہ وبا کی دوسری لہر کے دوران طبی برادری پر کووِڈ 19 کا بڑھتا ہوا بوجھ ڈاکٹروں کے لیے مزید مہلک ہوتا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا پاکستان میں اب تک 154 ڈاکٹرز کورونا وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

پی ایم اے کے مطابق نومبر سے شروع ہونے والی دوسری لہر میں 45 ڈاکٹر لقمہ اجل بنے جس میں 16 کا پنجاب، 14 کا سندھ، 13 کا خیبرپختونخوا اور 2کا آزاد جموں کشمیر میں انتقال ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024