• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس: خواجہ آصف کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

شائع December 31, 2020
خواجہ آصف کو آج لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا—تصویر: رانا بلال
خواجہ آصف کو آج لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا—تصویر: رانا بلال

لاہور کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کا 13 جنوری تک 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے اسلام آباد سے گرفتار کیے گئے خواجہ آصف کو راہداری ریمانڈ کے بعد آج لاہور کی احتساب عدالت کے جج جواد الحسن کے روبرو پیش کیا۔

دوران سماعت نیب کے وکیل عاصم ممتاز نے مؤقف اختیار کیا کہ خواجہ آصف نے اپنی آمدن سے زائد اثاثے بنائے اور اپنی اہلیہ اور بچوں کے نام پر بھی اثاثے بنائے۔

یہ بھی پڑھیں: آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس: خواجہ آصف کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور

نیب وکیل نے کہا کہ ’خواجہ آصف کے اثاثے 51 لاکھ سے 81 کروڑ 20 لاکھ تک پہنچ چکے ہیں لیکن انہوں نے اپنے ذرائع آمدن نہیں ظاہر کیے‘۔

ساتھ ہی انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ خواجہ آصف کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے تاکہ تفتیش مکمل ہو سکے۔

اس موقع پر خواجہ آصف نے عدالت میں اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نیب پنڈی سے رزلٹ نہیں لے سکے اس لیے کیس لاہور بھیج دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں 7 مرتبہ رکنِ قومی اسمبلی رہا ہوں، نیب کا کیس جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔

مزید پڑھیں: نیب نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کو گرفتار کرلیا

دوسری جانب سماعت کے دوران خواجہ آصف کے وکیل نے نیب کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی مخالفت کی۔

خواجہ آصف کے وکیل نجم الحسن نے کہا کہ نیب راولپنڈی نے خواجہ آصف کو جب بھی طلب کیا وہ ہر مرتبہ پیش ہوئے۔

انہوں نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نیب لاہور نے بھی 5 مرتبہ طلب کیا پانچوں بار خواجہ آصف پیش ہوئے اور نیب کو تمام مطلوبہ ریکارڈ فراہم کیا۔

اس موقع پر جج کا خواجہ آصف کے وکیل سے دلچسپ مکالمہ ہوا، جج نے وکیل سے دریافت کیا کہ آپ کو کہیں دیکھا ہے، جس پر وکیل نے بتایا کہ آپ کی عدالت میں جب پہلا بم دھماکا ہوا تھا تو میں آپ کی میز کے نیچے چھپ گیا تھا جس پر عدالت میں قہقے گونج اٹھے۔

یہ بھی پڑھیں: آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس ڈراما ہے، یہ ہتھکنڈے نہیں چلیں گے، نواز شریف

بعدازاں احتساب عدالت نے خواجہ آصف کا 13 جنوری تک جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا اور نیب کو آئندہ سماعت پر خواجہ آصف سے ہونے والی تفتیش سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

جج نے خواجہ آصف کی ان کے رشتہ داروں سے ملاقات کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر خواجہ آصف کو عدالت پیش کیا جائے۔

خواجہ آصف کی گرفتاری اور کیس

مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کو قومی احتساب بیورو نے 29 دسمبر کی رات گرفتار کیا تھا اور اگلے ہی روز راولپنڈی کی احتساب عدالت میں پیش کر کے ان کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد انہیں نیب لاہور منتقل کردیا تھا۔

نیب کی جانب سے جاری کردہ خواجہ آصف کی تفصیلی چارج شیٹ کے مطابق وہ نیب آرڈیننس 1999 کی شق 4 اور اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کی دفعہ 3 کے تحت رہنما مسلم لیگ (ن) کے خلاف تفتیش کررہے تھے۔

اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ عوامی عہدہ رکھنے سے قبل 1991 میں خواجہ آصف کے مجموعی اثاثہ جات 51 لاکھ روپے پر مشتمل تھے تاہم 2018 تک مختلف عہدوں پر رہنے کے بعد ان کے اثاثہ جات 22 کروڑ 10 لاکھ روپے تک پہنچ گئے جو ان کی ظاہری آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف نے یو اے ای کی ایک فرم بنام M/S IMECO میں ملازمت سے 13 کروڑ روپے حاصل کرنے کا دعوی کیا تاہم دوران تفتیش وہ بطور تنخواہ اس رقم کے حصول کا کوئی بھی ٹھوس ثبوت پیش نہ کر سکے، اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ملزم نے جعلی ذرائع آمدن سے اپنی حاصل شدہ رقم کو ثابت کرنا چاہا۔

احتساب کے ادارے کے مطابق ملزم خواجہ آصف اپنے ملازم طارق میر کے نام پر ایک بے نامی کمپنی بنام ’طارق میر اینڈ کمپنی‘ بھی چلا رہے ہیں جس کے بینک اکاؤنٹ میں 40 کروڑ کی خطیر رقم جمع کروائی گئی، اگرچہ اس رقم کے کوئی خاطر خواہ ذرائع بھی ثابت نہیں کیے گئے۔

نیب نے کہا کہ نیب انکوائری کا مقصد یہ معلوم کرنا تھا کہ کیا خواجہ آصف کی ظاہر کردہ بیرونی آمدن آیا درست ہے یا نہیں اور انکوائری میں ظاہر ہوا کہ مبینہ بیرون ملک ملازمت کے دورانیہ میں ملزم خواجہ آصف پاکستان میں ہی تھے جبکہ بیرون ملک ملازمت کے کاغذات محض جعلی ذرائع آمدن بتانے کے لیے ہی ظاہر کیے گئے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024