• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

شائع December 30, 2020
کمیٹی میں 19 ارکان شامل ہوں گے، نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا — فائل فوٹو / ڈان نیوز
کمیٹی میں 19 ارکان شامل ہوں گے، نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا — فائل فوٹو / ڈان نیوز

وفاقی حکومت نے رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن کو عہدے سے ہٹا کر بادشاہی مسجد لاہور کے مہتمم مولانا عبدالخبیر آزاد کو کمیٹی کا نیا چیئرمین مقرر کردیا۔

وزارت مذہبی امور سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کی تشکیل نو کر دی گئی ہے اور کمیٹی میں 19 ارکان شامل ہوں گے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ مولانا عبدالخبیر آزاد کو کمیٹی کا نیا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ دیگر اراکین میں ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، علامہ محمد حسین اکبر، مولانا فضل الرحیم، ڈاکٹر یاسین ظفر، مفتی اقبال چشتی، ڈاکٹر مفتی علی اصغر، مفتی فیصل احمد اور سید علی قرار نقوی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فواد چوہدری پر وزارت تک محدود رہنے کی پابندی لگنی چاہیے، مفتی منیب

اس کے علاوہ مفتی یوسف کشمیری، حافظ عبدالغفور، مفتی فضلِ جمیل، مفتی قاری میر اللہ، صاحبزادہ سید حبیب اللہ چشتی اور مفتی ضمیر ساجد بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

کمیٹی میں اسپارکو، محکمہ موسمیات، وزارت سائنس ٹیکنالوجی اور وزارت مذہبی امور کا 20 گریڈ کا ایک، ایک نمائندہ بھی شامل ہوگا۔

واضح رہے کہ موجودہ حکومت میں چاند دیکھنے کے معاملے پر مفتی منیب الرحمٰن پر تنقید کی جاتی رہی ہے، بالخصوصی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی جانب سے کئی بار ان پر تنقید کی گئی۔

مزید پڑھیں: مفتی منیب الرحمٰن سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

مفتی منیب الرحمٰن نے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے جاری کردہ سالانہ کیلنڈر کے بھی شدید مخالفت کی تھی۔

خیال رہے کہ مفتی منیب الرحمٰن کو 20 سال قبل 2000 میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی بنایا گیا تھا اور 2012 میں اس حوالے سے دوبارہ نوٹی کیشن جاری کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024