• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بھارت کسی بھی مہم جوئی سے پہلے 'آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ' کو یاد رکھے، ایئر چیف

شائع December 30, 2020 اپ ڈیٹ December 31, 2020
ایئر چیف مارشل نے کہا کہ پاک فضائیہ نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں عددی برتری کے حامل دشمن کو بھرپور جواب دیا تھا — فائل فوٹو / ڈان نیوز
ایئر چیف مارشل نے کہا کہ پاک فضائیہ نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں عددی برتری کے حامل دشمن کو بھرپور جواب دیا تھا — فائل فوٹو / ڈان نیوز

اسلام آباد: پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس (پی اے سی) نے مقامی طور پر تیار کردہ اسٹیٹ آف دی آرٹ 14 جدید فورتھ جنریشن جے ایف 17 تھنڈر بلاک 3 ڈووَل کیریئر لڑاکا طیارے باضابطہ طور پر پاک فضائیہ کے حوالے کردیے جو طویل رینج، اعلیٰ ترین ریڈار سسٹم اور ایڈوانس فائرنگ کی صلاحیت سے لیس ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایئر کرافٹس کی شمولیت کو 'سنگ میل' قرار دیتے ہوئے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ جے ایف 17 تھنڈر 27 فروری 2019 کو بھارت کی جانب سے حدود کی خلاف ورزی پر آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے دوران جنگی طور پر آزمایا گیا ثابت ہوچکا ہے۔

یہ طیارے طویل رینج کے اعلیٰ ترین ریڈار سسٹم کی صلاحیت سے مالامال ہیں—تصویر: اےا ایف پی
یہ طیارے طویل رینج کے اعلیٰ ترین ریڈار سسٹم کی صلاحیت سے مالامال ہیں—تصویر: اےا ایف پی

پی اے سی کامرہ میں طیارہ حوالگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے منصوبے کی بروقت تکمیل پر ایئرکرافٹ مینوفیکچرنگ فیکٹری (اے ایم ایف) کی ٹیم کی تعریف کی۔

ساتھ ہی انہوں نے جے ایف-17 بی اور بلاک 3 پیداوار کے لیے مسلسل تعاون کرنے پر وزارت دفاعی پیداوار اور چینی ایوی ایشن انڈسٹری کا شکریہ ادا کیا جو انتہائی اہم کامیابی ہے۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے بھارت کو ایک بار پھر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی مہم جوئی سے پہلے 'آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ' کو یاد رکھے۔

ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ پاک فضائیہ کا پہلا جے ایف 17 بلاک 3 طیارہ 2022 میں فضاؤں میں بلند ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جے ایف 17 بلاک 3 طیارہ جدید ترین ہتھیاروں اور آلات سے لیس ہوگا اور یہ رافیل سمیت دیگر جدید طیاروں کے ہم پلہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ جنگی چیلنجز اور رجحانات میں وقت کے ساتھ ساتھ نمایاں تبدیلی آئی ہے اور پاک فضائیہ اپنی ضروریات کو مدنظر رکھ کر اپ گریڈیشن کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔

بھارت کے ممکنہ فالس فلیگ آپریشن کی اطلاعات پر حکمت عملی سے متعلق سوال پر پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ ہنگامی حالت ہو یا امن، پاک فضائیہ ہمہ وقت الرٹ رہتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت دو محاذوں پر لڑنے کی دھمکی کے بجائے اپنی دفاعی کمزوری پر توجہ دے، پاکستان

انہوں نے کہا کہ ہم بار بار کہہ رہے ہیں کہ ہم سے مت الجھیں اور کسی بھی مہم جوئی سے پہلے بھارت آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو یاد رکھے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں عددی برتری کے حامل دشمن کو بھرپور جواب دیا تھا اور دشمن پر پیشہ ورانہ جنگی صلاحیت کی برتری ثابت کی۔

خیال رہے کہ 27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ نے بھارتی ایئرفورس کی دراندازی کا بھر پور جواب دیتے ہوئے 2 بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا تھا۔

پاک فضائیہ کی اس کامیاب کارروائی کے دوران ایک بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو بھی گرفتار کرلیا گیا تھا، تاہم حکومت پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت اسے رہا کردیا تھا۔

بعد ازاں مئی میں ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا تھا کہ 27 فروی کو بھارتی دراندازی پر پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کا جواب تاریخ میں ’آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ‘ کے نام سے یاد رکھا جائے گا۔

مزید پڑھیں: ’بھارتی جارحیت کا جواب، آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے نام سے یاد رکھا جائے گا‘

ائیر چیف مارشل نے بدھ کو میڈیا سے گفتگو میں مزید کہا کہ چین سے 'جے 20' سمیت دیگر جدید جنگی طیاروں کے حصول کے لیے بھی غور کر رہے ہیں جبکہ روس، چین اور دیگر ممالک کے ساتھ فضائی دفاع کے شعبے میں تعاون پر پیش رفت ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ ہر چیلنج میں قوم کی امنگوں پر پوری اتری ہے اور آئندہ بھی وقت آنے پر قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024