• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

ایران: یوکرینی طیارہ حادثے کے متاثرین کیلئے ڈیڑھ لاکھ ڈالر مختص

شائع December 30, 2020
طیارہ حادثے میں 176 افراد ہلاک ہوئے تھے— فائل/فوٹو: اے ایف پی
طیارہ حادثے میں 176 افراد ہلاک ہوئے تھے— فائل/فوٹو: اے ایف پی

ایران کی کابینہ نے رواں برس جنوری میں یوکرینی طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والے 176 مسافروں کے اہل خانہ کے لیے ایک لاکھ 50 ہزار ڈالر مختص کردیے۔

خبر ایجنسی 'رائٹرز' نے ایران کی خبر رساں ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ 'کابینہ نے یوکرینی طیارے کے حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کے لیے ڈیڑھ لاکھ ڈالر یا اس کے برابر یورو جتنا ممکن ہو جلد ادا کرنے کی منظوری دے دی'۔

مزید پڑھیں: ایران نے یوکرین کا مسافر طیارہ مار گرانے کا اعتراف کرلیا

ایران کے وزیر مواصلات و دیہی بہبود محمد اسلامی نے بتایا کہ حادثے کی حتمی رپورٹ ان تمام ممالک کو بھیج دی گئی ہے جو اس کی تفتیش میں شامل تھے۔

طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی اکثریت کینیڈا سے تعلق رکھتی تھی یا مستقل رہائشی تھے۔

یاد رہے کہ عراق میں ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو ڈرون حملے میں ہلاک کرنے 5 روز بعد ایران میں یوکرین کا طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا۔

پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ یوکرین انٹرنیشنل ایئرلائن کے طیارے کو غلطی سے نشانہ بنایا گیا جبکہ اس وقت ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی عروج کو پہنچ گئی تھی۔

ایران نے یوکرین کا طیارہ مار گرانے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ غیر ارادی طور پر ’انسانی غلطی‘ کی وجہ سے طیارے کو نشانہ بنایا گیا۔

تہران کے امام خمینی ایئرپورٹ سے پرواز بھرنے والا یوکرین کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 176 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

یوکرینی وزیر اعظم نے طیارے میں 176 افراد کے سوار ہونے کی تصدیق کی تھی جس میں 167 مسافر اور عملے کے 9 اراکین شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: یوکرینی طیارے کے بلیک باکس کی مرمت کے بعد ہی اسے سنا جاسکتا ہے، ایران

یوکرینی وزیر خارجہ نے بتایا تھا کہ طیارے میں 82 ایرانی، 63 کینیڈین، سویڈش، 4 افغان، 3 جرمن اور 3 برطانوی شہری جبکہ عملے کے 9 ارکان اور 2 مسافروں سمیت 11 یوکرینی شہری سوار تھے۔

دوسری جانب ایران کے صدر حسن روحانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں تصدیق کی تھی کہ ’مسلح افواج کی اندرونی تحقیقات سے یہ نتیجہ نکلا کہ افسوسناک طور پر انسانی غلطی کی وجہ سے داغے گئے میزائلز کے نتیجے میں یوکرین کا طیارہ تباہ ہوا اور 176 معصوم افراد ہلاک ہوئے‘۔

ایرانی فوج نے سرکاری نشریاتی ادارے پر جاری بیان میں کہا تھا کہ 8 جنوری کو تباہ ہونے والا یوکرینی طیارہ پاسداران انقلاب سے وابستہ حساس ملٹری سائٹ کے قریب پرواز کر رہا تھا اور اسے انسانی غلطی کی وجہ سے غیر ارادی طور پر نشانہ بنایا گیا۔

9 جنوری کو ایران نے حادثے میں تباہ ہونے والے یوکرین کے مسافر طیارے کے حوالے سے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا تھا کہ دوران سفر مسافر طیارے میں آگ بھڑک جانے کے بعد مدد کے لیے ایک ریڈیو کال بھی نہیں کی گئی جبکہ طیارے نے ایئرپورٹ کے لیے واپس جانے کی کوشش کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024