• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ٹی وی چینل کو ملکہ برطانیہ کی 'ڈیپ فیک' ویڈیو چلانا مہنگی پڑ گئی

شائع December 30, 2020
جعلی ویڈیو میں دکھائی دینے والی خاتون ہوبہو ملکہ برطانیہ دکھائی دے رہی ہیں—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
جعلی ویڈیو میں دکھائی دینے والی خاتون ہوبہو ملکہ برطانیہ دکھائی دے رہی ہیں—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

برطانیہ کے نجی چینل فور نے حال ہی میں کرسمس کے موقع پر ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ملکہ برطانیہ کی ایک پیروڈی ویڈیو نشر کی،جس پر اب اسے تنقید کا سامنا ہے۔

برطانوی اخبار دی انڈیپنڈنٹ کے مطابق چینل فور نے کرسمس کے موقع پر ملکہ برطانیہ کی جانب سے ہر سال قوم سے کیے جانے والے خطاب کی نقل کرتے ہوئے ایک پیروڈی ویڈیو نشر کی تھی، جس پر اس کے خلاف لوگوں نے حکومت کو شکایات کی ہیں۔

برطانیہ میں ٹی وی چینلز سمیت دیگر میڈیا کے معاملات دیکھنے والے حکومتی ادارے آف کام کو کم از کم چینل فور کے خلاف 214 شکایات موصول ہوئی ہیں۔

آف کام کے حکام نے چینل فور کے خلاف شکایتیں موصول ہونے کی تصدیق کی، تاہم بتایا کہ تاحال اس بات کا فیصلہ نہیں کیا جا سکا کہ چینل کے خلاف کس طرح کی کارروائی کرنی ہے؟

چینل فور کی جانب سے بنائی گئی جعلی پیروڈی ویڈیو نشر کیے جانے کے بعد لوگوں کا کہنا ہےکہ مذکورہ ویڈیو سے معلوم ہوتا ہے کہ غلط معلومات کو پھیلانا کس قدر آسان ہے اور مذکورہ ویڈیو کو دیکھ کر غلط معلومات پھیلانے والوں کو حوصلہ ملے گا اور وہ بھی اسی طرح کام کریں گے۔

تاہم چینل فور کی انتظامیہ کے مطابق مذکورہ ویڈیو ڈیپ فیک ٹیکنالوجی یا حقیقت کی طرح دکھائی دینے والی غلط معلومات کو سمجھنے کا ایک ذریعہ ہے۔

چینل فور نے ملکہ برطانیہ کی پیروڈی کی جو ویڈیو نشر کی تھی، اس میں ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایک خاتون کو ملکہ برطانیہ کی طرح دکھایا گیا۔

مختصر دورانیے کی ویڈیو میں خاتون نے ملکہ برطانیہ کے انداز میں تقریر کرتے ہوئے شاہی خاندان کے مسائل پر بھی بات کی اور شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی جانب سے شاہی حیثیت چھوڑنے کا ذکر بھی کیا۔

ساتھ ہی ویڈیو میں ملکہ برطانیہ کی طرح دکھائی دینے والی خاتون نے شہزادہ اینڈریو پر خواتین کے ریپ کے الزامات کے اسکینڈل پر بھی بات کی۔

ویڈیو کے آخر میں ملکہ برطانیہ کی طرح دکھائی دینے والی خاتون کو ٹک ٹاک اسٹائل میں ڈانس کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے، تاہم آخر میں ملکہ کا روپ دھارنے والی اصلی خاتون کو بھی دکھایا گیا ہے۔

چینل فور نے مذکورہ ویڈیو اس وقت بنائی، جب ملکہ برطانیہ نے چند دن قبل کرسمس کے موقع پر بی بی سی پر اپنا سالانہ خطاب کیا تھا۔

اپنے سالانہ خطاب میں ملکہ برطانیہ نے کورونا کی وبا پر بات کرنے سمیت فرنٹ لائن پر کام کرنے والے صحت کے رضاکاروں کی خدمات پر بھی بات کی تھی۔

خیال رہے کہ ملکہ برطانیہ ہر سال کرسمس کے دن ٹی وی پر قوم کے نام اپنا پیغام دیتی ہیں اور یہ سلسلہ کم از کم ایک دہائی سے جاری ہے، تاہم ملکہ برطانیہ نے اپنا پہلا خطاب 1957 میں کیا تھا۔

ٹی وی آنے سے قبل اور ملکہ برطانیہ سے قبل برطانوی سلطنت کے بادشاہ کرسمس کے موقع پر قوم کے نام پیغام جاری کرتے تھے، تاہم 1950 میں ٹی وی کی ٹیکنالوجی میں بہتری آنے کے بعد ملکہ برطانیہ نے ٹی وی پر پیغام دینا شروع کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024