• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

اسد عمر کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے

شائع December 28, 2020
اسد عمر نے نے عوام سے احتیاط برتنے کی درخواست کی — فائل فوٹو / ڈان نیوز
اسد عمر نے نے عوام سے احتیاط برتنے کی درخواست کی — فائل فوٹو / ڈان نیوز

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں اسد عمر نے بتایا کہ 'میرا کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ ابھی ملا جو منفی ہے، پچھلے 10 دن میں وہ سب لوگ جنہوں نے خیریت دریافت کی اور دعائیں کی ان سب کا تہہ دل سے مشکور ہوں'۔

ساتھ ہی انہوں نے عوام سے احتیاط برتنے کی درخواست کی۔

واضح رہے کہ اسد عمر میں 19 دسمبر کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

اسد عمر نے ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ 'مجھے ابھی کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ ملا جو مثبت آیا ہے۔'

انہوں نے کہا کہ 'میں خود کو گھر میں آئیسولیٹ رکھوں گا۔'

یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر اسد عمر بھی کورونا سے متاثر ہونے والے سیاستدانوں میں شامل

خیال رہے کہ فروری 2020 سے ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کے بعد سے اب تک کئی سیاسی و سماجی شخصیات، کرکٹر، فلمی ستاروں و دیگر افراد اس عالمی وبا کا شکار ہوئے ہیں۔

ان میں سے زیادہ تر افراد قرنطینہ میں رہنے اور ضروری طبی علاج کے بعد صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کچھ کا انتقال بھی ہوا ہے۔

سیاستدانوں کی بات کی جائے تو قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز، پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و سندھ کے وزیر سعید غنی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال ان سیاستدانوں میں شامل تھے، جنہیں کورونا وائرس کی تشخصی ہوئی تاہم یہ تمام لوگ صحتیاب ہوگئے۔

اس کے علاوہ بھی دیگر سیاسی شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار ہوکر صحتیاب ہوئی ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک ہزار 974، اموات میں 55 کا اضافہ

تاہم اس عالمی وبا کے باعث پاکستان میں جو سیاست دان جانبر نہ ہوسکے ان میں بلوچستان کے سابق گورنر سید فیصل آغا، پی ٹی آئی پنجاب کی رکن اسمبلی شاہین رضا، سندھ کے صوبائی وزیر غلام مرتضیٰ بلوچ، رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور پی ٹی آئی کے جمشیدالدین کاکاخیل، پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے صدر سید جعفر شاہ، پیپلز پارٹی کے رہنما و رکن سندھ اسمبلی جام مدد علی اور دیگر شامل ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کو متاثر اور لاکھوں کو ہلاک کرنے والے مہلک کورونا وائرس کی دوسری لہر پاکستان میں بھی جاری ہے اور اس سے یومیہ کیسز اور اموات میں اضافہ ہوا ہے۔

ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 73 ہزار 309 ہے جس میں سے 4 لاکھ 23 ہزار 892 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 9 ہزار 929 تک پہنچ گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024