• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کورونا کی نئی قسم: سعودی عرب نے داخلے پر پابندی میں ایک ہفتے کی توسیع کردی

شائع December 28, 2020
سعودی عرب نے 21 دسمبر سے پابندی عائد کی تھی—فائل فوٹو: رائٹرز
سعودی عرب نے 21 دسمبر سے پابندی عائد کی تھی—فائل فوٹو: رائٹرز

سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے کورونا وائرس کی نئی قسم کے تیزی سے پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر مملکت میں داخلے پر لگائی گئی پابندی میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کردی۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق سعودی عرب کے سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے نے رپورٹ کیا کہ وزارت داخلہ نے نئے کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کے خطرے کے باعث مملکت میں فضا، زمین اور سمندر سے داخلے پر پابندی مزید ایک اور ہفتے تک بڑھا دی ہے۔

وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ وہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں جبکہ غیرملکیوں کو ملک چھوڑنے جبکہ غیرمعمولی کیسز کے لیے داخلے کی بھی اجازت دے رہے ہیں۔

تاہم خبررساں ادارے نے یہ واضح کیا کہ سامان کی نقل و حمل پر ان اقدامات کا اثر نہیں ہوگا۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب کیلئے سفری پابندیوں میں نرمی، پی آئی اے کا پروازیں شروع کرنےکا فیصلہ

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم کے باعث سعودی عرب نے پیر 21 دسمبر کو اپنی سرحدیں بند کرتے ہوئے ایک ہفتے کے لیے بین الاقوامی کمرشل پروازوں کو معطل کردیا تھا تاہم سعودی عرب میں موجود غیرملکی پروازوں کو وہاں سے جانے کی اجازت دی گئی تھی۔

گزشتہ ہفتے سعودی عرب کی جانب سے لگائی گئی پابندی کا فیصلہ برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک میں وائرس کی نئی قسم کی لہر کے ردِ عمل میں کیا گیا تھا۔

نئے فیصلوں سے متعلق بتایا گیا تھا کہ جو فرد بھی کسی یورپی ملک سے 8 دسمبر کے بعد سعودی عرب پہنچا تھا اسے آمد کی تاریخ سے 2 ہفتوں تک قرنطینہ میں رہنا ہوگا، اس کے علاوہ سیلف آئیسولیشن کے عرصے کے دوران ان کا کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا جو ہر 5 روز بعد دوبارہ ہوگا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں اب تک کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 62 ہزار 220 ہے، جس میں سے 6 ہزار 185 کا انتقال ہوچکا ہے۔

یہاں یہ بھی مدنظر رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے اس پابندی کے اعلان کے ساتھ ہی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے بھی اسلام آباد، کراچی، لاہور اور ملتان سے سعودی عرب کے لیے اپنی متعدد پروازیں منسوخ کردی تھی۔

تاہم سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کی جانب سے غیر سعودیوں کو ملک سے جانے کی اجازت دینے کے بعد گزشتہ روز پی آئی اے نے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے (28 دسمبر) سے کمرشل پروازوں کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کی نئی قسم، سعودی عرب نے ایک ہفتے کیلئے بین الاقوامی پروازیں معطل کردیں

خیال رہے کہ برطانیہ میں دریافت ہونے والے نئے وائرس کو وی یو آئی 202012/01 یا لائنیج بی 117 کا نام دیا گیا ہے، اس وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق 14 دسمبر کو کی گئی تھی۔

تاہم حکومت نے بتایا تھا کہ نئے وائرس کے نمونے ابتدائی طور پر 20 ستمبر کو ملے تھے۔

کورونا وائرس کی اس نئی قسم میں 14 میوٹیشن موجود ہیں، جن میں سے 7 اسپائیک پروٹین میں ہیں۔

یہ وہی پروٹین ہے جو وائرس کو انسانی خلیات میں داخل ہونے میں مدد دیتا ہے اور اتنی بڑی تعداد میں تبدیلیاں دنیا بھر میں گردش کرنے والے اس وائرس کی دیگر اقسام کے مقابلے میں کافی نمایاں ہیں۔

ماہرین کے مطابق اور اب تک کے نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ نئی قسم دیگر اقسام کے مقابلے میں غالب آرہی ہے اور کیسز میں اضافے کی وجہ بن رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024