• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

رواں مالی سال: 5 ماہ میں ٹیکسٹائل کے سوا دیگر اشیا کی برآمدات میں کمی

شائع December 27, 2020
کووڈ 19 کے باعث ان مصنوعات کی برآمدات پر اثر پڑا—فائل فوٹو: رائٹرز
کووڈ 19 کے باعث ان مصنوعات کی برآمدات پر اثر پڑا—فائل فوٹو: رائٹرز

اسلام آباد: رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ کے دوران پاکستان کی ٹیکسٹائل کے سوا دیگر اشیا (نان ٹیکسٹائل) کی برآمدات سالانہ بنیادوں پر 1.85 فیصد سکڑ کر 3.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس) کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ کووڈ 19 سے متعلق اقدامات کی وجہ سے بڑی برآمدی مارکیٹوں کے بند ہونے کے باعث آرڈرز کی تاخیر سے ٹیکسٹائل کے سوا دیگر اشیا کی برآمدات پر اثر پڑا۔

کووڈ 19 کی پہلی لہر کے بعد نان ٹیکسٹائل سیکٹر کو ابھی تک برآمدی آرڈرز نہیں موصول ہوئے تاہم مالی سال 21-2020 کے جولائی سے نومبر کے دوران ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل مصنوعات میں اضافہ دیکھا گیا۔

مزید پڑھیں: ٹیکسٹائل ماسکس، سینیٹائزر کی برآمدات کی اجازت

تین شعبے چمڑے کے کپڑے (لیدر گارمنٹس) جریحی آلات (سرجیکل انسٹرومنٹس) اور انجینئرنگ کے سامان نے مختلف ممالک میں لاک ڈاؤن کے باوجود برآمدی عمل میں اضافے کو برقرار رکھا۔

پاکستان ادارہ شماریات کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے نومبر کے دوران فوڈ باسکٹ ایک سال قبل کے مقابلے میں 12.44 فیصد سکڑ گئی، اس کٹیگری میں چاول کی برآمدات 12.58 فیصد کم ہوئی جبکہ دوسری طرف باسمتی برآمدات مالیت میں 24.46 فیصد اور حجم میں 28.41 فیصد کم ہوگئیں۔

اسی طرح مچھلی اور اس سے بنی مصنوعات میں 9.72 فیصد کمی دیکھی گئی جبکہ پھلوں کی برآمدات 9.62 فیصد کم ہوئی، سبزیوں کی غیرملکی خرید میں بھی 5.91 فیصد کمی دیکھنے میں آئی جبکہ مرچوں کی برآمدات بھی 1.62 کم ہوگئی۔

تاہم تمباکو کی برآمدات 9.7 فیصد اور گوشت کی مصنوعات کی برآمدات 6.34 فیصد بڑھیں۔

مزید یہ کہ مارچ سے ملک میں گندم، چینی اور دالوں پر پابندی کے باعث ان کی برآمدات نہیں ہوئیں۔

اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک طویل عرصے بعد چمڑے کی برآمدات میں بہتری دیکھی گئی اور یہ 5.66 فیصد تک بڑھی جس میں دیگر مصنوعات کے ساتھ ساتھ زیادہ تر چمڑے کے کپڑے اور دستانے کی فروخت شامل رہی، انجینئرنگ سامان کی برآمدات 17.71 فیصد جبکہ جریحی آلات کی برآمدات اس عرصے میں 1.84 فیصد بڑھ گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: اکتوبر میں ٹیکسٹائل برآمدات میں 6 فیصد اضافہ، ایل پی جی کی درآمدات بڑھ گئیں

تاہم چمڑے کے جوتوں کی برآمدات میں 8.66 فیصد کمی ہوئی لیکن کینوس کے جوتوں کی برآمدات 63.39 فیصد بڑھ گئی۔

اس کے برعکس رواں مالی سال کے 5 ماہ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں کارپیٹس اور رگس کے برآمدات مالیت میں 2.58 فیصد جبکہ حجم میں 19.92 فیصد تک کم ہوئیں تاہم جن کھیلوں کے سامان کی برآمدات 14.03 فیصد کم ہوئیں تاہم فٹ بال کی برآمدات پر یہ اثر 23.91 فیصد تک پڑا، اس کے علاوہ ٹینڈ لیدر برآمدات بھی 34.95 فیصد تک سکڑ گئیں۔

مزید برآں سالانہ بنیادوں پر جیولری کی برآمدات 85.96 فیصد اور ہینڈی کرافٹ (دستکاری) کی برآمدات 100 فیصد تک بڑھ گئیں تاہم جواہرات کی برآمدات 2.61 فیصد، فرنیچر 10.66 فیصد، شیرہ 73.08 فیصد اور گڑ 0.4 فیصد کم ہوگئیں۔


یہ خبر 27 دسمبر 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024