• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کورونا ایک بلا اور آفت ہے، عوام ایس او پیز پر عمل کریں، مولانا طارق جمیل

شائع December 25, 2020
مولانا طارق جمیل نے کہا کہ آپ سے اپیل ہے کہ اللہ کے واسطے احتیاط کریں — فائل فوٹو
مولانا طارق جمیل نے کہا کہ آپ سے اپیل ہے کہ اللہ کے واسطے احتیاط کریں — فائل فوٹو

معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل نے عوام سے کورونا وائرس سے متعلق احتیاط کرنے اور معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر جاری ویڈیو میں مولانا طارق جمیل نے کہا کہ 'کورونا کی پہلی لہر میں میں نے ایک ویڈیو اپ لوڈ کروائی تھی لیکن مجھے پتہ نہیں تھا کہ کورونا ہوتا کیا ہے، اس دفعہ میں خود اس کی لپیٹ میں آیا ہوں اور اللہ نے مجھے صحت اور شفا بخشی ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'میری آپ سے اپیل ہے کہ یہ ایک بلا ہے، آفت ہے اور اللہ کی طرف سے امتحان ہیں، ایس او پیز پر عمل کریں، کوئی شخص گھر سے ماسک کے بغیر نہ نکلے، ایک دوسرے سے 6 فٹ کا فاصلہ رکھیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں لمبی بات کر نہیں سکتا لیکن بس آپ سے اپیل ہے کہ اللہ کے واسطے احتیاط کریں۔'

یہ بھی پڑھیں: مولانا طارق جمیل ایک ہفتے میں کورونا سے صحتیاب ہوگئے

حال ہی میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے مولانا طارق جمیل ویڈیو میں کمزور دکھائی دیے، جبکہ ان کے منہ سے جملے بمشکل ادا ہو پارہے تھے۔

طارق جمیل ایک معروف پاکستانی مبلغ اور عالمِ دین ہیں، ان کی تبلیغی کوششوں کے باعث بہت سے گلوکار، اداکار اور کھلاڑیوں کی زندگیوں میں واضح تبدیلی دیکھنے میں آئی۔

رواں سال حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سے نوازنے کا اعلان بھی کیا گیا تھا جو 23 مارچ 2021 کو دیا جائے گا۔

عوام بالخصوص نوجوانوں میں دینی تعلیمات کے انداز سے مقبولیت رکھنے والے مذہبی اسکالر کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جارہی ہے اور صرف فیس بک پر اسے 85 ہزار سے زائد بار شیئر کیا جاچکا ہے۔

مزید پڑھیں: مولانا طارق جمیل اور جیک ما سمیت 184 شخصیات سول ایوارڈز کیلئے نامزد

واضح رہے کہ تقریباً ایک ہفتے کورونا وائرس میں مبتلا رہنے کے بعد مولانا طارق جمیل 19 دسمبر کو شفایاب ہوگئے تھے۔

تاہم انہوں نے مکمل صحتیابی کے لیے عوام سے دعاؤں کی اپیل کی تھی۔

خیال رہے کہ مولانا طارق جمیل میں 14 دسمبر کو کووڈ-19 کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد وہ ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

مولانا طارق جمیل نے یہ بات سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک پر بتاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ گزشتہ چند روز سے طبیعت خراب تھی اور ٹیسٹ کروانے پر کورونا کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد ڈاکٹروں کے مشورے سے وہ ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024