• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

وزیر اعظم، اپوزیشن کے استعفوں کی فوری منظوری کے خواہاں

شائع December 25, 2020
وزیر اعظم اپوزیشن کے استعفے آنے کی صورت میں ان کی فوری منظوری کے خواہاں ہیں— فائل فوٹو: اے پی پی
وزیر اعظم اپوزیشن کے استعفے آنے کی صورت میں ان کی فوری منظوری کے خواہاں ہیں— فائل فوٹو: اے پی پی

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے جمعرات کے روز اپنے ترجمانوں کے ایک گروپ سے ملاقات کے دوران کہا کہ حکومت قومی اسمبلی کے اسپیکر سے کہے گی کہ جیسے ہی اپوزیشن پارلیمنٹیرینز کے استعفے آئیں، وہ انہیں فوری طور پر قبول کر لیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت اپنی اتحادی متحدہ قومی موومنٹ سے مذاکرات کرے گی جس نے کابینہ کی جانب سے 2017 کی قومی مردم شماری کے نتائج کی منظوری پر اعتراض کیا ہے۔

مزید پڑھیں: ایک وعدے پر بھی عمل نہیں ہوا، ہم حکومت میں کیوں شامل رہیں، خالد مقبول

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا لاہور میں جلسہ عام ناکام رہا اور اسے اپوزیشن کی فیصلہ کن شکست قرار دیا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ اتحاد میں شامل 11 جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی نہ ہونے کی وجہ سے پی ڈی ایم اسلام آباد تک مارچ نہیں کرسکے گی۔

اجلاس میں شریک ایک فرد نے ڈان کو بتایا کہ جب وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈا سمیت کچھ ترجمانوں نے اپوزیشن کے قانون سازوں کے استعفوں کو قبول کرنے کی تجویز دی تو وزیر اعظم نے اتفاق کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو آگاہ کیا گیا تھا کہ حزب اختلاف کے دو اراکین قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی اور محمد سجاد اعوان پہلے ہی قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں اپنا استعفیٰ پیش کرچکے ہیں۔

پی ڈی ایم نے مختلف شہروں میں کئی ریلیاں نکالنے کے بعد حکومت کو خبردار کیا کہ اس کے اراکین پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو گرانے کے آخری حربے کے طور پر مستعفی ہوجائیں گے۔

تاہم عمران خان پہلے ہی یہ دعویٰ کرچکے ہیں کہ وہ استعفوں سے خوفزدہ نہیں ہیں اور حکومت قومی اور صوبائی اسمبلی میں خالی ہونے والی نشستوں پر اپوزیشن کے قانون سازوں کے ذریعے ضمنی انتخابات کروائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی کے تمام اراکین پارلیمنٹ نے استعفے پہنچا دیے ہیں، بلاول بھٹو

مسلم لیگ (ن) کے بہت سے رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اپنے استعفے اسپیکر قومی اسمبلی کو نہیں بلکہ پارٹی قیادت کو پیش کیے ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز جو بدعنوانی کے کچھ مقدمات کی وجہ سے جیل میں ہیں، نے اپنے استعفوں پر دستخط کردیے ہیں۔

ایک اور ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم کا خیال ہے کہ حکومت کے خلاف پی ڈی ایم کی مہم کو لاہور میں دفن کر دیا گیا ہے اور اپوزیشن جماعتوں کے مابین کوئی ہم آہنگی نہیں ہے۔

سابق وزیر اعظم کی درخواست

علاوہ ازیں ایک اہم پیشرفت میں وفاقی کابینہ نے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے خارج کرنے کی درخواست قبول کرلی۔

معلوم ہوا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے اپنا نام نو فلائی لسٹ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا تاکہ وہ اپنی بیمار بہن اور بہنوئی کی عیادت کے لیے بیرون ملک جا سکیں۔

وزیر اعظم نے حکومت سندھ کی سرزنش کی

رہائش اور تعمیر سے متعلق ایک علیحدہ اجلاس میں وزیر اعظم نے سندھ کے چیف سیکریٹری کی سرزنش کی کہ وہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت کام کرنے والے ہاؤسنگ منصوبوں کی منظوری نہیں دے رہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ 6 ماہ میں پنجاب حکومت نے 664 رہائشی منصوبوں کی منظوری دی تھی جبکہ حکومت سندھ نے صرف 19 منصوبوں کی ہی اجازت دی اور 250 کے قریب رہائشی منصوبے منظوری کے منتظر ہیں۔

مزید پڑھیں: زرداری کا فضل الرحمٰن سے رابطہ، بینظیر بھٹو کی برسی پر جلسے میں شرکت کی دعوت

وزیر اعظم نے نوٹ کیا کہ کاروباری برادری کے ساتھ سندھ حکومت کا رویہ 'غیر دوستانہ' تھا۔

پی آئی اے کے حوالے سے ملاقات

ایک اور اجلاس میں وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی تنظیم نو کے عمل کو تیز کریں۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو متحرک اور منافع کمانے والی تنظیم بنانے کے لیے بین الاقوامی معیار پر پورا اترنا ہوگا، اپنے کھوئے ہوئے وقار کی بحالی اور ایک منافع بخش ادارہ بننے کے لیے قومی ایئرلائن کو اپنی خدمات کو بہتر بنانا ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024