• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

اسلام آباد یونائیٹڈ کا مصباح کو معاہدے میں توسیع نہ دینے کا اعلان

شائع December 25, 2020
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریوں کے باعث ان کے معاہدے کی تجدید نہیں ہوئی—فائل/فوٹو: اے ایف پی
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریوں کے باعث ان کے معاہدے کی تجدید نہیں ہوئی—فائل/فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ نے اعلان کیا ہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریوں کے باعث مصباح الحق کے معاہدے میں توسیع نہیں کی جارہی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ مصباح الحق کے ساتھ معاہدے کی میعاد ختم ہوگئی ہے اور اب تجدید نہیں ہوگی۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد یونائیٹڈ کا مصباح کو ہیڈ کوچ بنانے کا باضابطہ اعلان

یاد رہے کہ مصباح الحق پی ایس ایل کے آغاز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مقرر ہوئے تھے اور ان کی قیادت میں ٹیم نے 2016 اور 2018 میں دو مرتبہ چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

کرکٹ سے کنارہ کشی کے بعد مصباح الحق کو گزشتہ برس دسمبر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے بیان میں ٹیم سے منسلک رہنے پر مصباح الحق کا شکریہ ادا کیا اور قومی ٹیم کے ساتھ ان کے کام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مصباح الحق نے اپنے ردعمل میں کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ ان کا ایک لگاؤ تھا اور گزشتہ 5 برسوں کے دوران ایک رشتہ قائم ہوا تھا لیکن عالمی سطح پر مسلسل ٹی ٹوئنٹی میچز آرہے ہیں جبکہ میں پی ایس ایل میں مکمل طور پر فطری انداز میں توجہ دینا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 'جو کوئی بھی پاکستان کرکٹ سے منسلک ہوتا ہے تو اس کو اپنی قومی ذمہ داریوں کو اولین ترجیح دینی چاہیے اور اس کے لیے میرا ماننا ہے کہ مجھے فرنچائز کی ذمہ داریوں کی قربانی دینا ہوگی'۔

یہ بھی پڑھیں: مصباح الحق کا چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ 'پی ایس ایل 6 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں اور جو بنیاد ہم نے قائم کی تھی اُمید ہے وہ ان کے لیے رواں برس اور مستقبل میں کامیابی کے لیے ایک سیڑھی ثابت ہوگی'۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ 'مصباح الحق دسمبر 2015 میں پی ایس ایل کے پہلے سیزن کے انتخاب سے ہی اسلام آباد یونائیٹڈ کا بنیادی حصہ رہے ہیں اور لیگ کی کامیاب ترین ٹیم بنانے میں مؤثر رہے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'ٹیم کو ان کے تجربے، رہنمائی اور حکمت کی کمی محسوس ہوگی لیکن ہم پی سی بی کے نئے قواعد اور قومی ٹیم کے ساتھ ان کے معاہدے کا احترام کرتے ہیں'۔

علی نقوی نے مصباح الحق کو مخاطب کر کے کہا کہ 'ہم ان کی پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں'۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024