سندھ پولیس کی اسکیٹنگ فورس جرائم پر کنٹرول کرنے کیلئے تیار
سندھ پولیس نے یوں تو خصوصی سیکیورٹی فورسز اور اینٹی کرائم فورسز بھی متعارف کرا رکھی ہیں، تاہم اب جلد ہی سندھ پولیس کی جانب سے صوبائی دارالحکومت کراچی میں نئی اسکیٹنگ فورس کو بھی میدان میں اتار دیا جائے گا۔
جی ہاں، سندھ پولیس کے کراچی ریجن نے شہر میں جرائم پر کنٹرول کرنے کے لیے خصوصی اسکیٹنگ فورس تیار کرلی، جو نہ صرف ٹریفک جام کے دوران ہونے والی وارداتوں پر کنٹرل کرے گی بلکہ اسکیٹنگ فورس تنگ گلیوں میں بھی مجرموں کا پیچھا کرکے جرائم کا صفایا کرے گی۔
نجی ٹیلی ویژن چینل سما کے مطابق کراچی پولیس نے شہر میں جرائم پر قابو پانے کے لیے ابتدائی طور پر 20 اہلکاروں پر مشتمل اسکیٹنگ فورس تیار کرلی، جو اب پولیس موبائل یا موٹر سائیکل کے بغیر اسکیٹنگ کے ذریعے ہی ملزمان کا پیچھا کرے گی۔
اسکیٹنگ فورس میں شامل ابتدائی 20 اہلکاروں میں 10 خواتین شامل ہیں، جنہیں چند ماہ تک اسکیٹنگ اور جدید ہتھیار چلانے سمیت ہر طرح کی تربیت فراہم کی گئی۔
اسکیٹنگ فورس کے مرد و خواتین اہلکاروں کو تنگ گلیوں، سڑکوں، پھسلتے فرش، شاپنگ پلازہ اور سیڑھیوں سے اسکیٹنگ کے ذریعے ملزمان تک پہنچنے کی تربیت دی گئی۔
علاوہ ازیں اسکیٹنگ فورس کے اہلکاروں کو جدید اور چھوٹے ہتھیار چلانے کی خصوصی تربیت بھی دی گئی جبکہ خواتین اہلکاروں نے بھی مرد اہلکاروں کی طرح تربیت میں شاندار مظاہرہ کیا۔
سندھ پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے سربراہ فرخ لنجار کے مطابق اسکیٹنگ فورس کو ایک طرح سے پیٹرولنگ کے لیے بنایا گیا ہے جو تنگ گلیوں اور ٹریفک جام کے دوران سڑکوں پر جرائم پر قابو پانے کے لیے ہوگی۔
اسکیٹنگ فورس کے پہلے دستے کی جانب سے اچھی کارکردگی دکھائے جانے پر اس فورس کو مزید وسعت دی جائے گی جب کہ ایسی فورس ممکنہ طور پر صوبے کے دیگر شہروں میں بھی متعارف کرائی جائے گی۔
پولیس کی جانب سے اسکیٹنگ فورس متعارف کرائے جانے اور اس میں خواتین کو شامل کیے جانے پر سوشل میڈیا پر کراچی پولیس کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔