بلوچستان: فورسز کے آپریشن میں دہشتگرد ہلاک، فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار شہید
صوبہ بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے سلک کور میں خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا حوالدار شہید ہوگیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع آواران کے علاقے سلک کور میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک پکڑا گیا۔
آئی ایس پی آر نے میں بتایا کہ آپریشن کے دوران ٹھکانے سے اسلحہ و گولہ بارود اور مواصلاتی سامان برآمد کرلیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی، اہلکار شہید
اس میں مزید کہا گیا کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے شدید تبادلے میں حوالدار شعیب نے جام شہادت نوش کیا۔
خیال رہے کہ 22 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے آواران میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 10 مشتبہ دہشتگرد ہلاک کردیا تھا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے ایک بیان میں بتایا گیا تھا کہ ’یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ میں ملوث تھے جس کے نتیجے میں 20 دسمبر کو آواران کے علاقے میں لانس نائیک محمد اقبال شہید ہوگئے تھے‘۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے آواران کے علاقے گوارو میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر آپریشن کیا۔
یاد رہے کہ 21 دسمبر کو ضلع آواران کے قریب سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا تھا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ 'دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی موجودگی کے حوالے سے خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو واگزار کرانے کے لیے آواران کے قریب جٹ بازار میں کارروائی کی'۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کا تبادلہ، 10 ’دہشتگرد’ ہلاک
بیان میں کہا گیا تھا کہ 'دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں لانس نائک محمد اقبال زخمی ہوگئے اور انہیں فوری طور پر کراچی روانہ کر دیا گیا'، جہاں بعد ازاں وہ شہید ہوگئے۔
اس سے قبل 17 اکتوبر کر تربت کے قریب دہشت گردوں کی سیکیورٹی فرسز پر فائرنگ سے ایک فوجی اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں بتایا تھا کہ دہشت گردی کا واقعہ تربت سے 35 کلومیٹر جنوب مشرق میں جَھکی کے مقام پر پیش آیا۔
مزید یہ کہ 15 اکتوبر کو بلوچستان کے ضلع گوادر کے علاقے اورماڑا میں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) کے کارواں پر دہشت گردوں کے حملے میں 7 سیکیورٹی گارڈز سمیت سیکیورٹی فورسز کے 14 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔