ہواوے نووا 8 سیریز کے 2 نئے فونز پیش
ہواوے نے نووا 8 سیریز کے 2 فونز متعارف کرائے ہیں۔
امریکی پابندیوں کے باعث یہ دونوں فونز گوگل ایپس اور سروسز سے محروم ہیں۔
نووا 8 اور 8 پرو میں اس کی جگہ ہواوے ایپ گیلری کو دیا گیا ہے۔
ہواوے نووا 8 اور 8 پرو میں بالترتیب 6.57 اور 6.72 انچ او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے۔
نووا 8 میں 90 ہرٹز جبکہ 8 پرو میں 120 ہرٹز ڈسپلے ریفریش ریٹ موجود ہے۔
دونوں میں فنگرپرنٹ سنسر اسکرین کے اندر نصب ہے اور ڈیوائسز میں ڈسپپلے خم ایجز کے ساتھ ہے۔
دونوں فونز میں کیرین 985 پراسیسر موجود ہے جو 5 جی سپورٹ فراہم کرتا ہے۔
نووا 8 سیریز کے دونوں فونز میں 8 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشن دیئے گئے ہیں۔
اسی طرح اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے ای ایم یو آئی 11 سے کیا ہے۔
نووا 8 میں 3800 ایم اے ایچ جبکہ 8 پرو میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری موجود ہے اور دونوں میں 66 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے۔
کمپنی کے مطابق دونوں فونز کو مکمل چارج کرنے میں 35 منٹ کا وقت لگتا ہے۔
اسی طرح نووا 8 میں وائی فائی 5، بلیو ٹوتھ 5.1 جبکہ نووا 8 پرو میں وائی فای 6 اور بلیوٹوتھ 5.2 سپورٹ موجود ہے۔
دونوں فونز میں ڈوئل سم سپورٹ، یو ایس بی سی پورٹ اور ہواوے ہائی سٹین ساؤنڈ ایفیکٹس جیسے فیچرز موجود ہیں۔
دونوں فونز کے بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے، جس میں مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے۔
اس کے علاوہ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا، 2 میگا پکسل میکرو اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ کیمرے بھی ڈیوائسز کا حصہ ہیں۔
البتہ فرنٹ پر دونوں فونز میں فرق ہے۔
نووا 8 میں 32 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے جبکہ 8 پرو میں 32 میگا پکسل کیمرے کے ساتھ ایک 16 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا بھی دیا گیا ہے۔
دونوں میں فرنٹ کیمرے پنچ ہول ڈیزائن میں دیئے گئے ہیں۔
یہ دونوں فونز سب سے پہلے چین میں فروخت کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔
نووا 8 کا 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 3299 چینی یوآن (80 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 3699 یوآن (90 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت ہوگا۔
نووا 8 ہرو کا 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ورژن 3999 یوآن (98 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 256 جی بی اسٹوریج والا فون 4399 یوآن (ایک لاکھ 7 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔