• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

نااہل حکمران نے اپنی نااہلی کا خود اعتراف کرلیا ہے، مولانا فضل الرحمٰن

شائع December 23, 2020
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جو تمہاری رکھوالی کرتے ہیں وہ ہمیں کہہ رہے ہیں کہ ہمیں کچھ نہ کہو آپ جانیں اور عمران خان جانے — فوٹو: ڈان نیوز
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جو تمہاری رکھوالی کرتے ہیں وہ ہمیں کہہ رہے ہیں کہ ہمیں کچھ نہ کہو آپ جانیں اور عمران خان جانے — فوٹو: ڈان نیوز

جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ہم تو کہتے تھے کہ یہ نااہل حکومت اور حکمران ہے، اب انہوں نے خود اعتراف کرلیا کہ میرے پاس تو ٹیم ہی نہیں ہے کہ اچھی حکمرانی دکھا سکوں۔

مردان میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ 'قوم نے آج ناجائز، نالائق اور نااہل حکمران کے خلاف علم جہاد بلند کیا ہے، مسلمان جب حق کے لیے آواز بلند کرتا ہے تو اس وقت تک نہیں بیٹھتا جب تک فتح یا شہادت حاصل نہ کر لے'۔

انہوں نے کہا کہ 'آج پوری قوم کرب میں ہے، ایک ناجائز تسلط کا اسے سامنا ہے، ان جابروں اور آمروں کے خلاف اللہ کی نصرت آپ کے ساتھ ہے، ہم تو کہتے تھے کہ یہ نااہل حکومت اور حکمران ہے، اب انہوں نے خود اعتراف کرلیا کہ میرے پاس تو ٹیم ہی نہیں ہے کہ اچھی حکمرانی دکھا سکوں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت ٹھیک کردوں گا، تبدیلی آجائے گی، نوجوانوں کو روزگار ملے گا لیکن اب کہتے ہیں کہ میرے سامنے جب اعداد و شمار پیش کیے جاتے تھے تو مجھے وہ سمجھ ہی نہیں آتے تھے، جب حساب کتاب کا علم نہیں تو کس نے کہا تھا کہ حکومت میں آؤ'۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی حکومت چلانے کی تیاری نہیں لیکن تابعداری کی پوری تیاری تھی، مریم نواز

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ' آج غریب آدمی کی قوت خرید جواب دے چکی ہے، جتنے دن یہ حکومت رہے گی ملک ڈوبتا چلا جائے گا، اس نااہل حکومت کو پاکستان پر حکومت کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں، معیشت تباہ کردی اور ہمیں انڈے اور کٹے دکھا رہا ہے کہ اس سے معیشت ٹھیک ہوگی لیکن آج انڈے بھی 240 روپے فی درجن پر پہنچ گئے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'عمران خان کہتا ہے کہ مجھے حساب دینا ہوگا، میں کہتا ہوں ابھی تو تم میرے احتساب کے شکنجے میں ہو، ہم تمہیں کہاں پہنچائیں گے تمہیں اندازہ ہی نہیں ہے، جو تمہاری رکھوالی کرتے ہیں وہ ہمیں کہہ رہے ہیں کہ ہمیں کچھ نہ کہو آپ جانیں اور عمران خان جانے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان خطے میں تنہا ہوچکا ہے، چین اور سعودی عرب ہم سے ناراض ہیں، جب سعودی عرب نے پیسے واپس مانگے تو چین سےکہا کہ پیسے تو دے دو جس نے آپ کو بھاری شرح سود پر قرض دیا ہے'۔

سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ 'ہمیں پوری قوت کے ساتھ اس سیلاب کو آگے بڑھانا ہے اور اسلام آباد جانا ہے، جب تک اس حکومت کا تختہ نہیں الٹیں گے چین سے نہیں بیٹھیں گے'۔

مزید پڑھیں: کارکردگی کا وقت آ گیا ہے، اب ہمارے پاس عذر نہیں ہے، عمران خان

قبل ازیں جلسے سے خطاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نالائق اور نااہل آدمی ڈھائی سال 22 کروڑ عوام کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے کے بعد کہتا ہے مجھے حکومت چلانی نہیں آتی لیکن تابعداری کی پوری تیاری تھی۔

انہوں نے کہا کہ تم جانتے تھے نالائق ہو اور وزارت عظمیٰ کے لیے نااہل تھے تو پھر مردان کے عوام کو جواب دو شیروانی پہننے کی جلدی کیا تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ مردان کے عوام نالائق حکمران کو گھر بھیجنے آئے ہیں، یہ انتخابات سے قبل کہتا تھا کہ 200 زبردست بندوں کی ٹیم ہے وہ ٹیم کہاں ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ہمیں تو نظر آرہا ہے کہ ان کی کابینہ کے وزرا آپس میں میوزیکل چیئر کھیل رہے ہیں اور اپنی کرسیاں تبدیل کررہے ہیں اور وہ ٹیم نظر نہیں آرہی ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Nadeem Uddin Dec 23, 2020 06:24pm
inko sirf istifa chahye imran khan ka, awami masail se inka koi taaluq nahi and nahi inke pass koi plan he, in sab ko mazi mn bhugta huwa he, aaj mulk jis hal men hen iski zumme daar PDM hi he.

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024