• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

وزیراعظم کی حکومت چلانے کی تیاری نہیں لیکن تابعداری کی پوری تیاری تھی، مریم نواز

شائع December 23, 2020
مریم نواز نے مردان میں ریلی سے خطاب کیا—فوٹو: ڈان نیوز
مریم نواز نے مردان میں ریلی سے خطاب کیا—فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نالائق اور نااہل آدمی ڈھائی سال 22 کروڑ عوام کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے کے بعد کہتا ہے مجھے حکومت چلانی نہیں آتی لیکن تابعداری کی پوری تیاری تھی۔

مردان میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ تم جانتے تھے نالائق ہو اور وزارت عظمیٰ کے لیے نااہل تھے تو پھر مردان کے عوام کو جواب دو شیروانی پہننے کی جلدی کیا تھی۔

مزید پڑھیں: کارکردگی کا وقت آ گیا ہے، اب ہمارے پاس عذر نہیں ہے، عمران خان

نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ جو نااہل ڈھائی سال تک 22 کروڑ عوام کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے کے بعد کہتا ہے کہ مجھے حکومت چلانی نہیں آتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مردان کے عوام نالائق حکمران کو گھر بھیجنے آئے ہیں، یہ انتخابات سے قبل کہتا تھا کہ 200 زبردست بندوں کی ٹیم ہے وہ ٹیم کہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں تو نظر آرہا ہے کہ ان کی کابینہ کے وزرا آپس میں میوزیکل چیئر کھیل رہے ہیں اور اپنی کرسیاں تبدیل کررہے ہیں اور وہ ٹیم نظر نہیں آرہی ہے۔

'حکومت کی تیاری نہیں تھی لیکن ڈاکا ڈالنے کی پوری تیاری تھی'

وزیراعظم عمران خان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈھائی سال کے بعد جس سوغات کو ہمارے سروں پر مسلط کیا گیا تھا، وہ سوغات جس کا نام عمران خان ہے، جو ڈھائی سال بعد 22 کروڑ کی زندگیوں سے کھیلنے کے بعد کہتا ہے کہ مجھے بجلی، گردشی قرضوں، مجھے حکومت چلانے کا پتا نہیں تھا، میری حکومت چلانے کی تیاری نہیں تھی۔

مریم نواز نے کہا کہ حکومت چلانے کی تیاری نہیں تھی لیکن 400 ارب کا چینی کا ڈاکا ڈالنے کی تمہاری پوری تیاری تھی، سوا دو سو ارب روپے کا آٹے کا ڈاکا ڈالنے کی پوری تیاری تھی۔

یہ بھی پڑھیں: استعفے قیادت کو جمع کرادیے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

انہوں نے مزید کہا کہ تمہاری حکومت چلانے کی تیاری نہیں تھی لیکن 122 ارب کا ایل این جی کا ڈاکا ڈالنے کی تمہاری پوری تیاری تھی، تمہاری ایل این جی کو دیر سے درآمد کر کے پاکستانیوں کو مہنگی گیس فراہم کرنے کی پوری تیاری تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کی تیاری نہیں تھی لیکن جو دوست تم پر مال خرچ کرتے ہیں انہیں باہر سے لا کر نوکریاں دینے کی پوری تیاری تھی۔

مریم نواز نے کہا کہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن کے سلینڈر وقت پر نہیں ملنے سے کورونا کے 8 مریض زندگی کی بازی ہار گئے تو صحت کی سہولیات دینے کی تیاری نہیں لیکن ادویات کی قیمتوں میں 500 فیصد اضافہ کرنے کی پوری تیاری تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے بہنوئی کو پلاٹ کا قبضہ دلانے کے لیے پنجاب میں پوری پولیس انتظامیہ کو معطل کردیا تو پولیس اصلاحات کی کوئی تیاری نہیں لیکن اپنے بہنوئی کو پلاٹ کا قبضہ دلانے کے لیے پولیس کو اتھل پتھل کرنے کی تمہاری پوری تیاری تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو انصاف فراہم کرنے کی تیاری نہیں تھی لیکن جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف جھوٹا ریفرنس بنانے کی تمہاری تیاری تھی۔

حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اپنے سیاسی مخالفین کی بہنوں اور بیٹیوں کو جیل میں ڈالنے اور سلاخوں کے پیچھے پھینکنے کی پوری تیاری نہیں تھی لیکن اپنی بہن کو این آر او دینے کی پوری تیاری تھی۔

یہ بھی پڑھیں: جمہوریت کیلئے حکومت سندھ اور قومی اسمبلی کی قربانی دینے کو تیار ہیں، بلاول

ریلی سے خطاب میں وزیراعظم کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی کو مستحکم کرنے کی تمہاری کوئی تیاری نہیں تھی لیکن بھارت کی جھولی میں کشمیر پھینک آنے کی تمہاری پوری تیاری تھی۔

انہوں نے کہا کہ تمہاری حکومت چلانے کی کوئی تیاری نہیں تھی لیکن تابعداری کرنے کی پوری تیاری تھی، ڈھائی سال بعد بھی حکومت چلانا نہیں آتا لیکن تابعداری کرنا اچھی طرح آتا ہے۔

'چور اور ڈاکو ہونے کے باوجود تابعداری کی وجہ سے بندہ ایمان دار ہے'

مریم نواز نے کہا کہ چور اور ڈاکو ہونے کے باوجود بندہ کیوں ایمان دار ہے، کیونکہ بندے نے تابعداری بڑی ایمان داری سے کی ہے، بندے نے عوام سے بے ایمانی بڑی ایمان داری سے کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دو نہیں ایک پاکستان، طاقت ور کو قانون کے نیچے لاؤں گا اور غریب کو انصاف فراہم کروں گا تو مردان کے عوام پوچھتے ہیں کہ غریب کا گھر بلڈوزر سے گرادیتے ہو، غریب کی دکانیں مسمار کردیتے ہو، غریب کی ریڑھی اٹھا کر لے جاتے ہو لیکن طاقت ور کا گھر بنی گالا دو دن میں ریگولرائز ہوجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علیمہ خان صاحبہ کروڑوں روپے کا جرمانہ ادا کر کے چلی گئیں اور سلیکٹڈ عمران خان 12 لاکھ روپے کا جرمانہ دے کر جعلی این او سی کے باوجود بنی گالہ کے 300 کینال کے گھر کو ریگولرائز کر کے بیٹھ گیا۔

مریم نواز نے کہا کہ لوگ ڈھونڈ رہے ہیں کہ ثاقب نثار کا صادق اور امین کہاں ہے۔

وزیراعظم کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ یہ کہتا ہے پی ڈی ایم سے ڈرتا نہیں، اس کے آگے جھکتا نہیں، جھکتا وہ ہے جو کھڑا ہوتا ہے، جس نے تابعداری کی ہو اس کو جھکنے کے علاوہ کچھ نہیں آتا۔

نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ تمہاری حکومت چلانے کی تیاری ہو نہ ہو لیکن پاکستان کے عوام نے تمہیں گھر بھیجنے کی تیاری پوری کرلی ہے۔

عوام سے استعفے دینے کا پوچھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب 400 یا 500 استعفے آجائیں گے تو تمہارا اس ملک میں جعلی وزیراعظم رہنا مشکل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024