• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

راولپنڈی: ہندو اور عیسائی برادری کے قبرستانوں کیلئے جگہ فراہم کرنے کا حکم

شائع December 23, 2020
ہندو اور عیسائی برادری کے قبرستانوں کیلئے جگہ فراہم کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے— فائل فوٹو: شازیہ حسن
ہندو اور عیسائی برادری کے قبرستانوں کیلئے جگہ فراہم کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے— فائل فوٹو: شازیہ حسن

راولپنڈی: کمشنر راولپنڈی کے کیپٹن (ر) محمد محمود نے منگل کو کہا کہ راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کو ہندو اور عیسائی برادری کے قبرستانوں کے قیام کے لیے اراضی مختص کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) برادریوں کے حقیقی مطالبات کی تکمیل پر کام کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: شمشان گھاٹ کی چار دیواری تعمیر کرنے کیلئے این او سی جاری

محمد محمود نے کہا کہ راولپنڈی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی حدود میں زمین کا کوئی مناسب پلاٹ نہیں جسے ہندو اور مسیحی برادری تدفین کے لیے استعمال کرسکے۔

انہوں نے یہ بات راولپنڈی میٹرو پولیٹن کارپوریشن میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں راولپنڈی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے چیف آفیسر سید علی عباس بخاری اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔

کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ اسٹریٹ لائٹس میں بجلی کی کھپت کو کم کرنے کے لیے جدید میٹر استعمال کیے جائیں گے اور اس سلسلے میں لیسکو نے کمیٹی چوک کے علاقے میں اسٹریٹ لائٹس سروے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سروے ایک ماہ میں مکمل ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کے تحت میٹرو پولیٹن کارپوریشن اپنے کام میں نمایاں بہتری لائی ہے اور گزشتہ تین ہفتوں میں فنڈز کے استعمال میں 10فیصد اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں واقع مندر، دھرم شالا ہندو کمیونٹی کیلئے کھول دیا جائے، اسلامی نظریاتی کونسل

انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کے رجحان کے مطابق جنرل بس اسٹینڈ پر راولپنڈی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی دکانوں کے کرایوں میں 10 فیصد سالانہ اضافے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کنسلٹنٹس سے رجوع کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی جانب سے سرکاری مکانات پر غیر قانونی قبضہ کرنے والوں کو بے دخلی کے نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں، مکانات خالی نہ ہونے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024