• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ، بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج

شائع December 23, 2020
سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ ان کے حوالہ کیا گیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ ان کے حوالہ کیا گیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

بھارتی سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے 22 دسمبر کو قابض بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کے جاری کردہ بیان کے مطابق ایل او سی کے جندروٹ اور ہاٹ اسپرنگ سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں گرڈ جنوبی گاؤں کی رہائشی 50 سالہ خدیجہ شہید ہوگئی تھیں۔

ان کے علاوہ اسی گاؤں کے رہائشی 16 سالہ ثمر، برموچ گاؤں کی 18 سالہ انیلا کوثر اور تانون گاؤں کے 4 سالہ محمد سیماب فائرنگ کے باعث شدید زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے خاتون شہید، 3 افراد زخمی

چنانچہ سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ ان کے حوالہ کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ قابض بھارتی افواج ایل او سی اور ورکنگ باونڈری کی مسلسل خلاف ورزیاں کرتے ہوئے آرٹلری، بھاری اور خودکار ہتھیاروں کے ذریعے عام شہری آبادیوں کو نشانہ بنارہی ہیں۔

احتجاجی مراسلے میں کہا گیا کہ شہری آبادیوں کو دانستہ نشانہ بنانا انتہائی قابل افسوس، انسانی عظمت ووقار، عالمی انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی ان خلاف ورزیوں سے علاقائی امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں جس کا نتیجہ اسٹریٹجک غلطی کی صورت نکل سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: جنگ بندی کی خلاف ورزی، دفتر خارجہ میں بھارتی سینئر سفارتکار کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ

دفتر خارجہ کے مطابق بھارت نے رواں سال کے دوران 3 ہزار 12 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کی ہیں جن میں 28 بے گناہ شہری شہید اور 253 زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر کشیدگی میں اضافے سے بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مظالم سے عالمی توجہ ہٹا نہیں سکتا۔

بھارت پر زور دیا گیا کہ وہ 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے، جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے ان واقعات کی تحقیقات کروائے اور بھارتی فوج کو جنگ بندی کے احترام کا حکم دے۔

اس کے ساتھ ساتھ پڑوسی ملک سے مطالبہ کیا گیا کہ ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر اس کی روح کے مطابق امن برقرار رکھے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق بھارت، اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو اپنا کردار ادا کرنے کی اجازت دے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، بھارتی سینئر سفارتکار کو طلب کرکے احتجاج

خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعات میں تواتر سے اضافہ دیکھا گیا ہے اور آئے روز آزاد کشمیر میں ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی جاتی ہے۔

اس سے قبل 9 دسمبر کو قابض بھارتی افواج کی جانب سے ایل او سی کے تتہ پانی سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 55 سالہ خاتون شدید زخمی ہوگئی تھیں۔

قبل ازیں 25 نومبر کو بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے گڑھی گاؤں کے رہائشی 33 سالہ انصار ولد محمد اشرف شہید ہوئے تھے۔

اس سے محض 3 روز قبل 22 نومبر کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 11 بے گناہ شہری شدید زخمی ہو گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024