• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کورونا وبا: ملک میں مزید 83 افراد کا انتقال، 2 ہزار 142 نئے مریض سامنے آگئے

شائع December 23, 2020
پاکستان میں اموات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے—فائل فوٹو: عمیر علی
پاکستان میں اموات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے—فائل فوٹو: عمیر علی

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور کیسز میں 2 روز کمی کے بعد ایک مرتبہ پھر اس میں اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ اموات کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 35 ہزار 621 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 2 ہزار 142 کے نتائج مثبت آئے جبکہ 83 افراد اس وائرس کے باعث انتقال کرگئے تاہم خوش آئند بات یہ رہی کہ مزید 4 ہزار 415 مریض صحتیاب ہوگئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 2 روز میں کورونا کے یومیہ کیسز کی تعداد 2 ہزار سے کم رپورٹ ہوئی تھی۔

یوں اب تک ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 4 لاکھ 62 ہزار 814 ہوگئی جس میں سے 4 لاکھ 15 ہزار 352صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 9 ہزار 557 کا انتقال ہوا ہے جبکہ فعال کیسز کی مجموعی تعداد 37 ہزار 905 ہے۔

اگر اس وائرس کی بات کریں تو چین میں گزشتہ برس دسمبر سے شروع ہونے والی اس وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو پاکستان میں رپورٹ ہوا تھا۔

جس کے بعد ابتدائی ایک مہینے تک اس وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی نہیں دیکھی گئی تھی تاہم اپریل سے جون تک اس وائرس میں تیزی آئی اور جون کے مہینے میں یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کرگئیں۔

تاہم پھر جولائی کے آخر میں اس وبا کے پھیلاؤ میں کمی دیکھنے میں آئی تھی اور صورتحال کافی حد تک معمول کے مطابق ہوگئی تھی۔

جس کے بعد ستمبر کے وسط میں ایک مرتبہ پھر کیسز میں کچھ اضافہ شروع ہوا جو اکتوبر اور بعد ازاں نومبر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کی صورت اختیار کرگیا اور اب دسمبر میں بھی یہی سلسلہ جاری ہے۔

آج 23 دسمبر کو صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

صوبہ سندھ، جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، وہاں 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 5 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد 2 لاکھ 6 ہزار 489 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں اس عالمی وبا کے باعث ایک روز میں 27 اموات ہوئیں اور یوں صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 379 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 653 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 33 ہزار 179 ہوگئی۔

صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 44 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 3 ہزار 732 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 361 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 55 ہزار 811 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 10 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 563 تک جا پہنچی۔

بلوچستان

صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 30 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 17 ہزار 980 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور یوں مجموعی اموات کی تعداد 179 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 67 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 36 ہزار 483 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید ایک مریض جاں بحق ہوا جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 394 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 25 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 8 ہزار 40 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 1 مریض زندگی کی بازی ہار گیا اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 211 تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا سے صرف ایک نیا کیس رپورٹ ہوا جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 832 ہوگئی۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وہاں کوئی موت واقع نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 99 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 4 ہزار 415 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 4 لاکھ 15 ہزار 352 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 462814

صحتیاب: 415352

اموات: 9557

فعال کیسز: 37905

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 6 ہزار 489 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 33 ہزار 179 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 55 ہزار 811 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 17 ہزار 980 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 36 ہزار 483 ، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 40 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 832 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 3379

پنجاب:3732

خیبرپختونخوا: 1563

بلوچستان: 179

اسلام آباد: 394

آزاد کشمیر: 211

گلگت بلتستان:99

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024