سالِ نو کے موقع پر گھر بیٹھے برج خلیفہ کی تقریب کا حصہ بننا ممکن
سال 2020 اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے اور دنیا بھر میں سال 2021 کے آغاز کی تیاریاں بھی شروع ہوچکی ہیں۔
یوں تو ہر نئے سال کے موقع پر دنیا بھر کے اہم اور مشہور مقامات پر آتش بازی اور خصوصی تقریبات و کنسرٹس کے ساتھ سالِ نو کا آغاز کیا جاتا ہے۔
تاہم عالمی وبا کی وجہ سے جس طرح سال 2020 کا ایک بڑا حصہ لاک ڈاؤن اور سماجی فاصلے کے ساتھ گزرا تو سال نو کا آغاز بھی مختلف ہوگا۔
دنیا بھر کی طرح دبئی کے برجِ خلیفہ پر بھی سالِ نو کے موقع پر شاندار آتش بازی کی جاتی ہے اور عوام کی ایک بڑی تعداد یہ نظارہ دیکھنے کے لیے وہاں موجود ہوتی ہے لیکن اس سال گھر بیٹھ کر برج خلیفہ پر ہونے والی اس تقریب کا حصہ بنا جاسکتا ہے جو زوم پر دنیا کی پہلی نیو ایئر سیلیبریشن بھی ہوگی۔
یوں تو کورونا وائرس کی وجہ سے آن لائن کلاسز، میٹنگز، ویبیناز اور دیگر کی وجہ سے مختلف ایپس خصوصاً زوم کافی مقبول ہوگئی ہے اور اب اس پر سال نو کی تقریب بھی منائی جائے گی۔
ایمریٹس نیوز ایجنسی کے مطابق، ایمار، برج خلیفہ کی ماسٹر ڈیولپر کمپنی نے دبئی سےسالِ نو کی تقریبات کی براہ راست گلوبل زوم ویڈیو کال کی میزبانی کے لیے دنیا بھر میں پہنچانے کے لیے زوم ویڈیو کمیونیکیشنز کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔
اس ضمن میں دنیا بھر سے 50 ہزار افراد کو اس زوم ویڈیو کال میں شرکت کی دعوت دی جائے جو زوم کی میزبانی سے منائے جانے والے سالِ نو کی سب سے پہلی تقریب کے ساتھ سال 2021 میں داخل ہوں گے۔
ایمار نیو ایئر ایو (این وائے ای) 2021 کو دنیا بھر میں پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے 9 بجے سے براہ راست نشر ہوگی جس میں دبئی کے برج خلیفہ سے ہونے والی گرینڈ آتش بازی، لائٹ اور لیزر شو شامل ہوگی۔
وقت کے فرق کی وجہ سے، متحدہ عرب امارات میں جب نئے سال کا آغاز ہوگا اس وقت پاکستان میں رات کا ایک بج رہا ہوگا لہذا پاکستان میں یہ آتش بازی سالِ نو شروع ہونے کے بعد لائیو دیکھی جاسکے گی۔
زوم کے ہیڈ آف انٹرنیشنل ابے اسمتھ نے کہا کہ ' زوم کو ایمار کے ساتھ ایسی یادگار تقریب میں حصہ لینے پر فخر ہے اور یہ ایک اعزاز ہے جہاں ہمارا پلیٹ فارم دنیا بھر کے لوگوں کو نئے سال میں داخل ہوتے وقت تقریب کا حصہ بننے کی اجازت دے گا'۔
زوم کے براہ راست ایونٹ تک رسائی کے لیے آن لائن رجسٹریشن کروائی جاسکتی ہے جبکہ یہ تقریب ایمار کی متعلقہ ویب سائٹ پر بھی براہ راست دکھائی جائے گی۔