• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’بے بی یوڈا‘ کے بعد اسٹار وارز کے کردار ’بوبا فیٹ‘ پر الگ سیریز بنانے کا اعلان

شائع December 22, 2020
بے بی یوڈا پر پہلے ہی سیریز بنائی جا چکی ہے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
بے بی یوڈا پر پہلے ہی سیریز بنائی جا چکی ہے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

شہرہ آفاق سائنس فکشن فلم سیریز ’اسٹار وارز‘ پر جہاں اب تک اسپن آف سیریز اور سیکوئل فلمیں بنائی جا چکی ہیں، وہیں اسی فلم سیریز میں متعارف کرائے گئے کرداروں پر بھی الگ الگ سیریز بنائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

ہولی وڈ کے زیادہ تر سائنس فکشن و فنٹیسی فلموں کے کرداروں پر متعدد فلمیں، ویب سیریز، ڈرامے اور ویڈیو گیمز بنائی جاتی ہیں، ساتھ ہی ان پر الگ کتابیں بھی لکھی جاتی ہیں۔

اسی لیے ہی ہیری پوٹر اور گیم آف تھرونز سمیت اسٹار وارز فلم سیریز کے کرداروں پر بھی تاحال فلمیں اور ٹی وی سیریز بنائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

اسٹار وارز فرنچائز نے 2019 میں معروف کردار یوڈا پر خصوصی سیریز ’دی مینڈالورین‘ بنائی تھی، جس میں 1973 میں ریلیز کی گئی پہلی فلم کے کردار کے چھوٹے بچے یعنی بے بی یوڈا کو دکھایا گیا تھا۔

بے بی یوڈا پر 2019 میں بنائی گئی سیریز میں بوبا فیٹ کو بھی دکھایا گیا تھا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
بے بی یوڈا پر 2019 میں بنائی گئی سیریز میں بوبا فیٹ کو بھی دکھایا گیا تھا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

ڈی مینڈالورین میں بے بی یوڈا کی واپسی پر دنیا بھر میں سائنس فکشن فلموں و سیریز کے شائقین بہت خوش ہوئے تھے اور اب اسٹار وارز فرنچائز نے اعلان کیا کہ فلم کے ایک اور کردار ’بوبا فیٹ‘ پر بھی سیریز بنائی جائے گی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسٹار وارز سیریز کی پہلی فلموں میں دکھائے جانے والے روبوٹک ولن کردار ’بوبا فیٹ‘ کے تخلیق کار نے تصدیق کی کہ اسی کردار پر اب سیریز بنائی جائیں گی۔

’بوبا فیٹ‘ کے تخلیق کار جون فیوریو نے تصدیق کی کہ اس کردار پر بنائی گئی سیریز کو ڈزنی پلس پر ریلیز کیا جائے گا۔

اب بوبا فیٹ پر بھی الگ سیریز بنائی جائے گی—فوٹو: رائٹرز
اب بوبا فیٹ پر بھی الگ سیریز بنائی جائے گی—فوٹو: رائٹرز

جون فیوریو کے مطابق ’بوبا فیٹ‘ کے کردار پر لکھی گئی کتاب سے سیریز کی کہانی لی جائے گی اور یہ سیریز اسٹار وارز کے دیگر کرداروں پر بنائی جانے والی سیریز کی طرح الگ ہوگی۔

ابھی ’بوبا فیٹ‘ کے کردار پر بنائی جانے والی سیریز کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا اور یہ بھی واضح نہیں ہے کہ اس کو کون سا اداکار ادا کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ’اسٹار وارز‘ کے ’بوبا فیٹ‘ چل بسے

تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند ماہ میں ’بوبا فیٹ‘ کے کردار کرنے والے اداکار کے نام کا اعلان کیا جائے گا اور ساتھ ہی دیگر کاسٹ اور سیریز کا نام بھی بتا دیا جائے گا۔

جون فیوریو نے تصدیق کی کہ ’بوبا فیٹ‘ پر بنائی جانے والی ویب سیریز کو دسمبر 2021 تک ریلیز کردیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ’اسٹار وارز‘ کی 1980 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دی امپائر اسٹرائیکس بیک‘ اور 1983 میں ریلیز ہونے والی فلم ’رٹرن آف دی جوڈی‘ میں ’بوبا فیٹ‘ کا کردار ادا کرنے والے برطانوی اداکار جیرمی بلوک حال ہی میں چل بسے تھے۔

جیرمی بلوک نے روبوٹ نما اس کردار کو ادا کرنے کے بعد ہی شہرت حاصل کی تھی، مذکورہ کردار فلم میں دراصل جرائم پیشہ شخص کا ساتھی ہوتا ہے، جو اس کے برے کاموں میں اس کا ساتھ دیتا ہے۔

بوبا فیٹ کے کردار کو پہلی بار جیرمی بلوک نے ادا کیا تھا جو 18 دسمبر کو چل بسے تھے—فائل فوٹو: فیس بک/اسکرین شاٹ
بوبا فیٹ کے کردار کو پہلی بار جیرمی بلوک نے ادا کیا تھا جو 18 دسمبر کو چل بسے تھے—فائل فوٹو: فیس بک/اسکرین شاٹ

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024