• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پیپلز پارٹی نے خود ورکرز ویلفیئر فنڈ، ای او بی آئی کو وفاق کے ماتحت کیا، زلفی بخاری

شائع December 22, 2020
زلفی بخاری نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی  نے ٹیکس کلیکشن میں بھی لوٹ مار کرنے کی کوشش کی ہے—تصویر: ڈان نیوز
زلفی بخاری نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی نے ٹیکس کلیکشن میں بھی لوٹ مار کرنے کی کوشش کی ہے—تصویر: ڈان نیوز

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے اپنے دورِ حکومت کے دوران 2011 میں ای او بی آئی اور ورکرز ویلفیئر فنڈز (ڈبلیو ڈبلیو ایف) کو موجودہ فہرست سے نکال کر بین الصوبائی تعاون (آئی پی سی) ڈویژن کے ماتحت کیا جو وفاقی حکومت کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔

پریس انفارمین ڈپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ہم نے نہیں کیا، اب ڈیڑھ سال بعد سعید غنی کو ہوش آیا اور اب وہ اپنی جماعت کے فیصلے کو ہی چیلنج کررہے ہیں، اگر آپ کو یقین ہے کہ اسے منتقل کر کے بہت زبردست محکمہ بنایا جاسکتا ہے تو آپ کی 5 سال حکومت تھی اس وقت اسے نچلی سطح تک کیوں نہیں لے کر گئی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ اس کے بعد مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی اس وقت یہ مدعا کیوں نہیں اٹھایا بلکہ 2011 میں جب آئی پی سی کے ماتحت کیا اس وقت پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت تھی جنہوں نے اس فیصلے کے خلاف 2012 میں سپریم کورٹ میں کیس کیا۔

یہ بھی پڑھیں: 18ویں ترمیم کے بعد سے ای او بی آئی کے فنڈز میں مسلسل کمی

انہوں نے کہا کہ اگر سعید غنی کو اتنی تشویش ہے تو وہ مسلم لیگ (ن) کے کیس میں شامل ہوجائیں جو انہوں نے پیپلز پارٹی کی جانب سے صوبوں کو منتقل کرنے کے بجائے آئی پی سی کے ماتحت کرنے پر کیا تھا۔

زلفی بخاری نے کہا کہ 5 سال ان کی حکومت تھی 5 سال مسلم لیگ (ن) کی رہی لیکن کبھی منتقلی پر بات نہیں ہوئی اور یہ کہتے ہیں کہ اجلاس کے نکات تبدیل ہوئے ہیں جبکہ اس میں لکھا ہوا تھا کہ ان میں کوئی تبدیلی نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ سینیٹ میں جاچکا ہے اس لیے اگر پیپلز پارٹی کو اس میں تبدیلی کرنی ہے تو پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بلائیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ یہ بات کرتے ہیں کہ سندھ بورڈ آف ریونیو (ایس بی آر) نے بہت زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا ہے، ہی بہت اچھی بات ہے لیکن یہ بھی دیکھنا ہے کہ اماؤنٹ سے فرق نہیں پڑتا اصل بات یہ ہے کہ کتنی صنعتوں سے محصول اکٹھا کیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کے صنعتکاروں نے ان کے خلاف عدالت سے رجوع کیا ہوا ہے جنہیں حکومت سندھ پر بھروسہ نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: ای او بی آئی میں اربوں کی چوری کی ذمے دار حکومت: سپریم کورٹ

زلفی بخاری نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی نے ٹیکس کلیکشن میں بھی لوٹ مار کرنے کی کوشش کی ہے اور 2015 میں سندھ کمپنیز ایکٹ ہے اور کہا کہ اسے گزشتہ تاریخوں میں کر کے 2011 سے کلیکشن شروع کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ جو کمپنیاں 2011 سے 2014 تک ورکرز ویلفیئر فنڈ میں اپنا حصہ ادا کرچکی ہوں وہ دوبارہ ادائیگی کریں اس لیے انہوں نے عدالت سے رجوع کیا کیوں کہ انہوں نے 2 مرتبہ لوٹنے کی کوشش کی۔

معاون خصوصی نے کہ یہ سندھ حکومت کی ریونیو کلیکشن کی حقیقت ہے اور اگر آپ نے اتنا زبردست ریونیو اکٹھا کیا ہے تو آپ نے 5 سالوں میں کتنے بہبود کے منصوبے بنا لیے، جب وفاق میں تھے تو صرف 7 ارب روپے استعمال کرتے ہوئے 7 منصوبے کیے لیکن آپ نے 23 ارب روپے اکٹھے کر کے ورکرز ویلفیئر کے صرف 2 منصوبے کیے اور وہ بھی ابھی مکمل نہیں ہوئے جبکہ انہیں 7 سال کا عرصہ ہوچکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعید غنی صاحب اگر آپ سے وہ 2 منصوبے بھی نہیں ہورہے تو میں سندھ آنے کو تیار ہوں 3 ماہ میں اسے مکمل کردوں گا۔

یہ بھی پڑھیں: ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن میں 20 فیصد اضافہ

زلفی بخاری نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈز کی منتقلی مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کا فیصلہ ہے اور ہم اسے کرنے کے لیے میکانزم تلاش کررہے ہیں، اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے ہم سے اتفاق کرلیا تھا، اجلاس میں کچھ کہتے ہیں میڈیا میں کچھ اور کہتے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ سی سی آئی کے اجلاس کے بعد اختلاف کرنے کے لیے 15 روز کا وقت ہوتا ہے لیکن انہیں ڈیڑھ سال بعد خیال آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں تمام اجلاسوں میں بیٹھا ہوں اور اگر وزرا نے اختلاف بھی کیا ہو تو ان کے وزرائے اعلیٰ نے تحریری طور پر اتفاق کیا ہوا ہے جبکہ 2 مرکزی اسٹیک ہولڈز یعنی آجر اور ملازمین نے اس پر اتفاق کیا تھا کہ یہ صوبوں کو منتقل نہیں ہونے چاہیے کیوں کہ انہوں نے سندھ کے حالات دیکھے ہوئے تھے کہ جہاں رشوت دے کر کلیکشن میں حصہ ڈالنے سے بچا جاسکتا ہے۔

زلفی بخاری نے مزید کہا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ سے انہوں نے اپنے دور حکومت میں خورشید شاہ کی مہربانی سے روات میں ایک جائیداد 71 لاکھ روپے میں خریدی تھی جس کی آج کی ویلیو 40 لاکھ روپے ہے اور یہ کیس نیب میں موجود ہے۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب کے وقت ڈبلیو ڈبلیو ایف سے ایک ارب روپے لے کر سندھ بھیجے گئے اس پیسے کا کیا گیا آج تک حساب نہیں دے سکے۔

مزید پڑھیں: ای او بی آئی کا پینشن، واجبات کی مد میں 5 ارب روپے ادا کرنے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ روپے کی ایک اشتہاری مہم دی گئی جس میں نیب میں پلی بارگین ہوئی ہے، بغیر ٹینڈر کے ریجنل دفاتر کھولے جس میں 150 بھرتیاں کی ہوئی ہیں، وہ دفاتر آج تک بند ہیں اور وہاں کوئی کام بھی نہیں ہوتا۔

زلفی بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت کے دوران ای او بی آئی میں 350 غیر قانونی بھرتیاں کیں، جب ہمیں ای او بی آئی ملی ہم پینشن کو 5 ہزار سے بڑھا کر 8 ہزار تک لے کر گئے۔

پی پی پی کے دور حکومت میں ای او بی آئی کی کلیکشن 10.4 ارب مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں 15 ارب روپے رہی جبکہ ہم 23 ارب روپے تک لے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ ٹی وی پر کسی بھی دن تمام آجروں اور ملازمین کی فیڈریشن کے سربراہان کو بلائیں اور پوچھیں کہ پیپلز پارٹی نے جو ڈبلیو ڈبلیو ایف اور ای او بی آئی کا حال کیا تھا وہ چاہتے ہیں کہ اسے صوبوں کو منتقل کیا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ کو جب پریس کانفرنس کرنی ہو مجھے سامنے بٹھائیں اور حقائق اور اعداد و شمار پر بات کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024