• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

جیک کیلس انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر

شائع December 22, 2020
کیلس نے ٹیسٹ کرکٹ میں 13 ہزار سے زائد رنز بنائے—فائل/فوٹو:اے پی
کیلس نے ٹیسٹ کرکٹ میں 13 ہزار سے زائد رنز بنائے—فائل/فوٹو:اے پی

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے جنوبی افریقہ کے سابق مایہ ناز آل راؤنڈر جیک کیلس کو سری لنکا کے دورہ کے لیے ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی رپورٹ کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میں 13 ہزار سے زائد رنز بنانے والے کیلس انگلینڈ کے ہیڈ کوچ کرس سلورووڈ اور اسسٹنٹ کوچ پال کولنگ ووڈ کے ماتحت کام کریں گے۔

انگلینڈ کی ٹیم کے ساتھ جیمز فوسٹر بطور وکٹ کیپنگ، کارل ہوپکنز فیلڈنگ، جون لیوس باؤلنگ اور جیتن پٹیل اسپین باؤلنگ کنسلٹنٹ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ نے ثقلین کی خدمات حاصل کرلیں، ورلڈکپ کیلئے اسپن کنسلٹنٹ مقرر

جیک کیلس کرکٹ ریٹائرمنٹ کے بعد انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کوچ کے علاوہ جنوبی افریقہ کی قومی ٹیم کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم کے حالیہ دورہ انگلینڈ میں وہ ٹیم کے ساتھ نہیں تھے۔

انگلینڈ کی ٹیم کا دورہ سری لنکا اگلے مہینے شروع ہوگا جو انگلینڈ میں کورونا وائرس کی نئی لہر کے باوجود ملتوی نہیں کیا گیا۔

سری لنکا کے دورے میں انگلینڈ کی ٹیم دو ٹیسٹ کھیلے گی جس کے بعد بھارت پہنچے گی۔

جو روٹ کی قیادت میں انگلینڈ کی 24 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے جس میں 7 اضافی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ گال میں 14 جنوری کو شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 22 جنوری کو گال میں ہی کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ برطانیہ میں نئے کورونا وائرس کے پیش نظر پاکستان اور یورپ سمیت دنیا کے دیگر کئی ممالک نے وہاں سے آنے والے مسافروں پر عارضی پابندیاں عائد کردی ہے۔

یورپی یونین، مشرق وسطیٰ اور ایشیا کے متعدد ممالک اور کینیڈا نے برطانیہ کے سفر پر پابندی عائد کردی اور دیگر بھی ایسے ہی اقدام پر غور کر رہے ہیں، تاکہ انگلینڈ کے جنوبی حصے میں سامنے آنے والے کورونا وائرس کی ایک نئی قسم کو براعظم تک پھیلانے سے روکا جاسکے۔

فرانس، جرمنی، اٹلی، نیدرلینڈز، بیلجیئم، آسٹریا، آئرلینڈ، بلغاریہ سعودی عرب، اردن، کویت، پاکستان اور بھارت سمیت کئی نے برطانیہ کے سفر پر پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اعلان کیا کہ جنوبی انگلینڈ میں کرسمس شاپنگ اور اجتماعات منسوخ کردیے جانے چاہیے کیونکہ انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے جس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ کورونا وائرس کی نئی قسم ہے۔

برطانوی وزیراعظم نے فوری طور پر لاکھوں افراد کے کرسمس کے منصوبوں کو ختم کرتے ہوئے ان علاقوں میں سخت پابندی نافذ کردیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024