• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

آئین کے تحت سینیٹ انتخابات 10 فروری سے قبل ممکن نہیں، ای سی پی

شائع December 21, 2020 اپ ڈیٹ December 22, 2020
الیکشن کمیشن نے کہا کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات کا شیڈول بھی جاری کردیا—فائل/فوٹو: ٹوئٹر
الیکشن کمیشن نے کہا کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات کا شیڈول بھی جاری کردیا—فائل/فوٹو: ٹوئٹر

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے جاری قیاس آرائیوں پر وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ آئین کے تحت 10 فروری سے قبل سینیٹ انتخابات نہیں ہوسکتے۔

ای سی پی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ 'چند روز سے سینیٹ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داریوں پر بھی آرا کا اظہار کیا گیا جس سے کچھ ابہام پیدا ہوا'۔

مزید پڑھیں: سینیٹ کے انتخابات شو آف ہینڈز کے ذریعے کروانا چاہتے ہیں، شبلی فراز

بیان میں کہا گیا کہ 'اب محسوس کیا گیا کہ صورت حال کو آئین اور قانون کی روشنی میں واضح کیا جائے، سینیٹ آف پاکستان کے نصف اراکین 11 مارچ 2021 کو اپنی 6 سالہ مدت میعاد پوری کرنے کے بعد ریٹائر ہوجائیں گے'۔

ای سی پی نے کہا کہ 'آئین کے آرٹیکل 224 کی ذیلی شق تین کے تحت جو نسشتیں اپنی مدت میعاد مکمل ہونے کے بعد خالی ہوں گی ان پر انتخابات 30 دن سے پہلے نہیں ہوسکتے'۔

اپنے بیان میں وضاحت کرتے ہوئے ای سی پی نے کہا کہ 'ان خالی ہونے والی نشستوں پر انتخابات کا انعقاد آئین کے مطابق 10 فروری 2021 سے قبل نہیں ہوسکتے'۔

بیان میں کہا گیا کہ 'گزشتہ 4 سے 5 انتخابات مارچ کے پہلے ہفتے میں منعقد ہوتے رہے ہیں اور اس بار بھی الیکشن کمیشن آئین اور قانون کے مطابق مناسب وقت پر ان انتخابات کی تاریخ کا اعلان ایک انتخابی پروگرام کی صورت میں جاری کرے گا'۔

ای سی پی نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ 'آئین کے آرٹیکل 218(3)، 224(3) اور الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 107 کے تحت سینیٹ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے اور الیکشن کمیشن اس ذمہ داری کو نبھانے کے لیے پر عزم ہے'۔

ضمنی انتخابات کا شیڈول

دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے سات حلقوں میں ضمنی انتخابات کا شیڈول بھی جاری کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت سینیٹ انتخابات کے لیے آئینی ترمیم نہیں لائے گی، اعظم سواتی

شیڈول کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 45 کرم ون اور این اے 75 سیالکوٹ فور، پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 51، گجرانوالہ ون اور کے پی اسمبلی کے حلقہ پی کے 63 نوشہرہ تھری میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 19 فروری کو ہوگی۔

سندھ اسمبلی کے حلقوں پی ایس 43 سانگھڑ تھری، پی ایس 88 ملیر ٹو اور بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 20 پشین تھری میں پولنگ 16 فروری کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 7 حلقوں میں ضمنی انتخاب کے پیش نظر ساتوں حلقوں میں سرکاری افسران کے تقرر و تبادلوں پر پابندی عائد کر دی جو کامیاب امیدواروں کے نوٹی فکیشن جاری ہونے تک برقرار رہے گی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024