• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کورونا ویکسین لگانے کے بعد لوگ، مگرمچھ بن سکتے ہیں، صدر برازیل

شائع December 21, 2020
برازیل کے صدر نے متعدد مواقع پر یہ اصرار کیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی ویکسین نہیں لگوائیں گے—فائل فوٹو: اے ایف پی
برازیل کے صدر نے متعدد مواقع پر یہ اصرار کیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی ویکسین نہیں لگوائیں گے—فائل فوٹو: اے ایف پی

برازیل کے صدر جائر بولسونارو نے ایک مرتبہ پھر کورونا وائرس کی ویکسینز پر تنقید کرتے ہوئے عجیب و غریب دعویٰ کیا ہے کہ فائزر کی کورونا ویکسین لگانے کے بعد لوگ، مگرمچھ بن سکتے ہیں۔

انڈیپنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق چند روز قبل ویکسین سے متعلق دعویٰ کرتے ہوئے جائر بولسونارو نے یہ بھی کہا کہ ویکسین لگانے سے خواتین کے چہرے پر بالوں میں اضافہ ہوسکتا ہے اور مردوں کی آوازیں تبدیل ہوکر زنانہ ہوسکتی ہیں۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق جائر بولسونارو نے کورونا وائرس ویکسین سے متعلق کہا کہ 'فائزر کے معاہدے میں، یہ واضح ہے کہ: ہم کسی مضر اثرات کے ذمہ دار نہیں ہیں، اگر آپ مگرمچھ میں تبدیل ہوجاتے ہیں تو یہ آپ کا مسئلہ ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'اگر آپ مافوق الفطرت مخلوق (superhuman) بن جاتے ہیں، اگر عورت کی داڑھی آنا شروع ہوجاتی ہے یا اگر کوئی مرد زنانہ آواز میں بولنا شروع کردے تو ان کا (فائزر) کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے'۔

مزید پڑھیں: کورونا کا انکار کرنے والے برازیلی صدر کا ٹیسٹ مثبت آگیا

جائر بولسونارو جو رواں برس کورونا وائرس سے صحتیاب ہوئے تھے، انہوں نے متعدد مواقع پر یہ اصرار کیا ہے کہ وہ کورونا وائرس ویکسین نہیں لگوائیں گے اور انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ لوگوں کو ویکسین لگوانے سے انکار کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔

انہوں نے 17 دسمبر کو کہا تھا کہ 'کچھ لوگ کہتے ہیں کہ میں ایک بری مثال پیش کررہا ہوں، لیکن میں احقموں، بیوقوفوں سے یہ کہتا ہوں اور انہیں بتاتا ہوں کہ میں پہلے ہی وائرس کا شکار ہوچکا ہوں، مجھ میں اینٹی باڈیز موجود ہیں تو ویکسین کیوں لگاؤں؟'

اس سے قبل نومبر میں جائر بولسونارو نے اسی طرح کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'میں آپ کو بتاتا ہوں، میں ویکسین نہیں لگواؤں گا'۔

انہوں نے کہا تھا کہ یہ میرا حق ہے اور مجھے یقین ہے کہ کانگریس ان کے لیے مشکلات پیدا نہیں کرے گی جو ویکسین نہیں لگوانا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: برازیل کے صدر کا کورونا ٹیسٹ دوسری مرتبہ مثبت آیا

برازیل کے صدر نے کہا کہ 'اگر یہ مؤثر، دیرپا، قابل اعتماد ہے تو جو یہ ویکسین نہیں لگواتا وہ خود کو نقصان پہنچائے گا اور جو ویکسین لگواتا ہے وہ متاثر نہیں ہوگا، اس میں پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے'۔

دوسری جانب اگلے صدارتی انتخاب میں جائر بولسونارو کے ممکنہ حریف جوآو ڈوریا ایک ویکسین کورونا ویک کے سب سے بڑی حامی ہیں۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق چند روز قبل برازیل کی سپریم کورٹ نے فیصلہ سنایا تھا کہ برازیل کے تمام شہریوں کو کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے کی ضرورت ہے لیکن انہیں اس کے لیے مجبور نہیں کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: برازیل کے صدر کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا

خیال رہے کہ جائر بولسونارو نے صحت حکام کی جانب سے منظور کردہ تمام کورونا وائرس ویکسین عوام کو فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے لیکن انہوں نے کہا ہے کہ کوئی بھی کسی کو ویکسین لگوانے کے لیے مجبور نہیں کرسکتا۔

برازیل نے رواں ماہ کے آغاز میں ایک ویکسینیشن پلان جاری کیا تھا جس میں آبادی ایک چوتھائی حصے کو ابتدائی طور پر ویکسین لگانا شامل تھا تاہم اس کے آغاز کی کسی تاریخ کا عندیہ نہیں دیا گیا۔

خیال رہے کہ برازیل کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا دنیا کا تیسرا ملک ہے جہاں متاثرہ افراد کی تعداد 72 لاکھ 38 ہزار سے زائد جبکہ ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 86 ہزار سے زائد ہے جو امریکا کے بعد اموات کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024