• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

غیر ترقی یافتہ علاقوں کے لیے تیز رفتار موبائل براڈ بینڈ کی سہولت جلد متوقع

شائع December 21, 2020
یو ایس ایف نے 8 ارب 81 کروڑ کے ٹیلی نار، یوفون اور جاز اور فائبر آپٹک کیبل کا پی ٹی سی ایل کو معاہدہ دینے کا فیصلہ کرلیا، رپورٹ - فائل فوٹو:اے ایف پی
یو ایس ایف نے 8 ارب 81 کروڑ کے ٹیلی نار، یوفون اور جاز اور فائبر آپٹک کیبل کا پی ٹی سی ایل کو معاہدہ دینے کا فیصلہ کرلیا، رپورٹ - فائل فوٹو:اے ایف پی

اسلام آباد: یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) نے پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقے (سابقہ فاٹا) کے غیر ترقی یافتہ علاقوں، جہاں براڈ بینڈ سہولت نہیں تھی، میں 60 لاکھ سے زائد افراد کو تیز رفتار موبائل براڈ بینڈ سروس کی فراہمی کے لیے تقریبا 8 ارب 81 کروڑ روپے کے کنٹریکٹ دینے کا فیصلہ کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق معاہدے ٹیلی نار، یوفون اور جاز نے حاصل کیے اور فائبر آپٹک کیبل کا معاہدہ پاکستان ٹیلی کمیونکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کو دیے گئے۔

آئی ٹی سیکریٹری شعیب احمد صدیقی کی زیرصدارت یو ایس ایف بورڈ نے اپنے حالیہ اجلاس میں خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا جو پہلے دہشت گردوں اور دیگر عناصر کی موجودگی کی وجہ سے خطرناک سمجھے جاتے تھے۔

مزید پڑھیں: جنوبی ایشیا میں سب سے کم انٹرنیٹ کا استعمال پاکستان میں ہوتا ہے، رپورٹ

ان اضلاع میں امن کے قیام کے بعد یو ایس ایف بورڈ نے فائبر آپٹک کیبل پروگرام کے تحت پی ٹی سی ایل کو باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، فرنٹیئر ریجن پشاور اور فرنٹیئر ریجن کوہاٹ کے معاہدوں کی منظوری دی۔

فائبر آپٹک کیبل منصوبوں کی قیمت لگ بھگ 4 ارب 65 کروڑ روپے ہے جس کا مقصد ایک ہزار 466 کلومیٹر کی فائبر آپٹیکل کیبل بچھانا ہے تاکہ لگ بھگ 50 لاکھ افراد پر مشتمل غیر ترقی یافتہ علاقوں کی آبادی کو تیز رفتار موبائل براڈ بینڈ خدمات فراہم کی جاسکیں۔

سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد اور خیرپور اضلاع کے لیے فائبر آپٹک کیبل بچھانے کے منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

بورڈ نے ٹیلی نار، یوفون اور جاز کو لگ بھگ 4 ارب 70 کروڑ روپے کے پائیدار ترقیاتی پروگرام برائے نیکسٹ جنریشن براڈ بینڈ کے تحت معاہدوں کی منظوری دی، جس سے تقریبا 9 لاکھ 80 ہزار آبادی اور 86 ہزار 773 مربع کلومیٹر کے لگ بھگ غیر ترقی یافتہ علاقے کو فائدہ ہوگا۔

ٹیلی نار کو بلوچستان کے چاغی اور نوشکی اضلاع کا معاہدہ دیا گیا ہے اور یوفون کو بلوچستان کے گوادر، کیچ اور پنجگور اضلاع کا معاہدہ دیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں موبائل انٹرنیٹ کی رفتار بھارت سے زیادہ بہتر، رپورٹ

اسی طرح جاز کو پنجاب کے ضلع جہلم اور چکوال کا معاہدہ دیا جارہا ہے۔

دریں اثنا وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اور ٹیلی کمیونکیشن سید امین الحق نے اپنے پیغام میں یو ایس ایف بورڈ کے چیئرمین، سی ای او اور بورڈ کے دیگر ممبران کو ریکارڈ براڈ بینڈ منصوبے پیش کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کمیونکیشن اور اس کے ذیلی اداروں کے محکموں کی ایک اہم ذمہ داری یہ ہے کہ وہ کورونا وائرس کے باعث معاشرتی فاصلے اور آن لائن تعلیم اور ڈیجیٹل کاروبار کے ماحول کے درمیان آبادی کے درمیان رابطے کو بڑھائے۔

اجلاس کے دوران بلوچستان کے دور دراز علاقوں اور خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024