• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

اسلام آباد کا پہلا ڈرائیو-اِن سینما کھول دیا گیا

شائع December 19, 2020 اپ ڈیٹ December 21, 2020
سینما کا ٹکٹ ایک کار پر ایک ہزار روپے لیا جا رہا ہے—فوٹو: محمد عاصم
سینما کا ٹکٹ ایک کار پر ایک ہزار روپے لیا جا رہا ہے—فوٹو: محمد عاصم

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا پہلا ڈرائیو-اِن سینما 18 دسمبر سے کھول دیا گیا، جس میں پہلے ہی روز ہولی وڈ فلم دکھائی گئی۔

ڈرائیو-اِن سینما میں کھلے میدان میں بڑی اسکرین نصب کی جاتی ہے جب کہ اسکرین دیکھنے والے افراد اپنی گاڑیوں میں ہی موجود رہتے ہیں۔

ٹیکنالوجی کے ذریعے گاڑیوں میں بیٹھے افراد وہیں پر اپنی گاڑیوں کے اسپیکرز میں فلم کی آواز سنتے ہیں جب کہ تصویر کے لیے انہیں اسکرین کی جانب دیکھنا پڑتا ہے۔

دنیا میں رواں برس فروری سے کورونا کی وبا کے باعث جب سینما تھیٹرز بند ہوئے تو کئی ممالک میں ڈرائیو-اِن سینما کھولے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کے باعث اسلام آباد میں ڈرائیو اِن سینما کھولنے کا فیصلہ

یورپ، امریکا، مشرق وسطیٰ اور ایشیا کے دیگر ممالک کی طرح لوگوں کو تفریح فراہم کرنے کے لیے 18 دسمبر سے پہلا ڈرائیو-اِن سینما اسلام آباد میں کھول دیا گیا۔

ڈان اخبار کے مطابق پہلے ڈرائیو-اِن سینما کا افتتاح وزیر داخلہ شیخ رشید نے کیا اور پہلے ہی دن لوگوں کی بہت بڑی تعداد اپنی گاڑیوں پر فلم دیکھنے پہنچی۔

ڈرائیو-اِن سینما کے افتتاح کے موقع پر وزیر داخلہ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ سینما کا ٹکٹ کو ایک ہزار روپے سے کم کرکے 50 روپے تک لے آئیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہزار روپے بہت زیادہ ہیں، اس لیے وہ کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) حکام کو بطور وزیر داخلہ حکم دے رہے ہیں کہ ٹکٹ 50 روپے تک کردی جائے۔

انہوں نے ڈرائیو-اِن سینما کھولے جانے پر سی ڈی اے چیئرمین کی تعریف بھی کی اور کہا کہ مزید ایسے انتظامات کیے جائیں۔

ملک کے پہلے ڈرائیو-اِن سینما کو اسلام آباد کے علاقے ایف-9 پارک کے خالی گراؤنڈ میں کھولا گیا ہے، جہاں بیک وقت درجنوں گاڑیوں کے کھڑے ہونے کی گنجائش موجود ہے۔

ڈرائیو-اِن سینما کو نجی موبائل کمپنی جاز اور ایکٹو میڈیا کے تعاون سے کھولا گیا ہے، تاہم سینما کو محض ایک ماہ کے لیے ہی کھولا گیا ہے۔

ڈرائیو-اِن سینما میں ہفتے کے تین دن یعنی جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو شام 5 بجے سے لے کر رات دیر گئے تک کھلا رہے گا۔

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد نے بھی سینما کھولے جانے کے حوالے سے ٹوئٹ کرتے ہوئے تصاویر شیئر کیں اور بتایا کہ پہلے ہی دن لوگوں کا رش لگ گیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

haniif Dec 19, 2020 04:27pm
I think first cinema was in Karachi.

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024