• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

دوسرا ٹی 20: نیوزی لینڈ نے باآسانی پاکستان کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

شائع December 20, 2020
نیوزی لینڈ نے سیریز میں اپنے نام کرلی—تصویر: بلیک کیپس ٹوئٹر
نیوزی لینڈ نے سیریز میں اپنے نام کرلی—تصویر: بلیک کیپس ٹوئٹر
شاداب خان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا—تصویر: پی سی بی ٹوئٹر
شاداب خان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا—تصویر: پی سی بی ٹوئٹر
محمد حفیظ نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی—تصویر: بلیک کیپس ٹوئٹر
محمد حفیظ نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی—تصویر: بلیک کیپس ٹوئٹر
نیوزی لینڈ نے باآسانی ہدف پورا کرلیا—تصویر: بلیک کیپس ٹوئٹر
نیوزی لینڈ نے باآسانی ہدف پورا کرلیا—تصویر: بلیک کیپس ٹوئٹر

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان ٹیم نے گرین شرٹس کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔

ہملٹن میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں قومی ٹیم کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

میچ کے آغاز میں ہی قومی ٹیم کے اوپنر ٹیم کو بڑا اسکور نہیں دے سکے اور 16 کے مجموعی اسکور پر حیدر علی 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ ان کے بعد آنے والے عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے 16 کے مجموعی اسکور پر ہی پویلین لوٹ گئے۔

جس کے بعد محمد رضوان اور محمد حفیظ نے ٹیم کے اسکور کو کچھ آگے بڑھایا تاہم 33 رنز کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان 22 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند کا نشانہ بن گئے۔

33 رنز پر 3 کھلاڑیوں کے نقصان کے بعد قومی ٹیم کو سہارا دینے کے لیے کپتان شاداب خان آئے تاہم وہ بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 56 کے مجموعی اسکور پر صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

تاہم اس کے بعد سینئر بلے باز محمد حفیظ اور خوشدل شاہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 50 رنز سے زائد کی پارٹنرشپ کی اور قومی ٹیم کے 100 رنز مکمل کیے۔

محمد حفیظ نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی تاہم ان دونوں بلے بازوں کی یہ پارٹنر شپ 119 رنز کے مجموعی اسکور پر ٹوٹ گئی اور خوشدل شاہ چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے۔

ٹم ساؤتھی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا—تصویر: آئی سی سی ٹوئٹر
ٹم ساؤتھی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا—تصویر: آئی سی سی ٹوئٹر

ان کے بعد آنے والے کھلاڑی فہیم اشرف تھے جو صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

تاہم محمد حفیظ نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور آخری اوور میں 2 چوکے اور ایک چھکا لگا کر قومی ٹیم کا اسکور 163 تک پہنچا دیا لیکن اوور مکمل ہونے کے باعث محمد حفیظ صرف ایک رنز سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے فاسٹ باؤلر ٹم ساؤتھی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جیمز نیشام اور اش سودھی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز ذمہ دارانہ انداز میں کیا۔

تاہم 35 کے مجموعی اسکور پر اوپنر مارٹن گپٹل آؤٹ ہوگئے جس کے بعد ٹم سیفرٹ نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور ایک وکٹ کے ہی نقصان پر ٹیم کا اسکور 100 سے بڑھا دیا۔

نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا—تصویر: بلیک کیپس ٹوئٹر
نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا—تصویر: بلیک کیپس ٹوئٹر

جس کے بعد بھی ٹم سیفرٹ اور کیوی کپتان کین ولیمسن نے جارحانہ انداز میں کھیل جاری رکھا اور 20واں اوور مکمل ہونے سے 4 گیند قبل ہی ایک وکٹ کے نقصان پر 164 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔

ٹم سیفرٹ نے 63 گیندوں پر 84 رنز جبکہ کین ولیمسن نے 42 گیندوں پر 57 رنز اسکور کیے اور دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ فہیم اشرف نے حاصل کی، اس کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی باؤلر وکٹ حاصل نہ کرسکا۔

یوں اس طرح میزبان نیوزی لینڈ نے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔

واضح رہے آج کھیلے جارہے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔

تاہم کیوی ٹیم نے آج کے میچ میں 4 تبدیلیاں کی گئی تھیں اور کپتان کین ولیمسن ٹیم کی نمائندگی کررہے تھے جبکہ ان کے علاوہ کائل جیمیسن، ٹم ساؤتھی، ٹرینٹ بولٹ بھی میزبان ٹیم کا حصہ تھے۔

واضح رہے کہ 18 دسمبر کو سیریز کے پہلے میچ میں میزبان نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی تھی۔

پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آکلینڈ میں کھیلا گیا تھا، جہاں پاکستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 154 رنز کا ہدف دیا تھا جو کیوی ٹیم نے 5 وکٹ کے نقصان پر 7 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا تھا۔

دورہ نیوزی لینڈ پر موجود پاکستانی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار ہے اور پہلے کورونا وائرس کے باعث اسکواڈ کے 8 اراکین کے متاثر ہونے کی وجہ سے ٹیم کو قرنطینہ میں رہنا پڑا تھا جبکہ اس کے بعد قومی ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم انجری کے باعث ٹی 20 سیریز سے باہر ہوگئے تھے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں

پاکستان: شاداب خان(کپتان)، محمد رضوان، عبدالہ شفیق، حیدر علی، محمد حفیظ، خوشدل شاہ، عماد وسیم، فہیم اشرف، وہاب ریاض، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف۔

نیوزی لینڈ: کین ولیمسن(کپتان)، مارٹن گپٹل، ٹم سیفرٹ، ڈیون کونوے، گلین فلپس، جیمز نیشام، کائل جیمیسن، اسکاٹ کگلیجن، ٹم ساؤتھی، ٹرینٹ بولٹ، اش سودھی

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024