• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

راولپنڈی: کمسن معذور بچی سے زیادتی کے مجرم کو سزائے موت

شائع December 19, 2020
جج نے حکم نامے میں کہا کہ جب تک مجرم کی موت واقع نہ ہوجائے اسے تختہ دار پر لٹکا کر رکھا جائے — فائل فوٹو / ڈان
جج نے حکم نامے میں کہا کہ جب تک مجرم کی موت واقع نہ ہوجائے اسے تختہ دار پر لٹکا کر رکھا جائے — فائل فوٹو / ڈان

راولپنڈی کی مقامی عدالت نے 12 سالہ معذور بچی سے زیادتی کے مجرم کو سزائے موت سنا دی۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جہانگیر علی گوندل نے ریلوے کالونی کے رہائشی 40 سالہ مجرم راجہ ایوب کو سزا سنائی۔

علاوہ ازیں مجرم پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا جس کی عدم ادائیگی کی صورت میں اسے 6 ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔

جج نے حکم نامے میں کہا کہ جب تک مجرم کی موت واقع نہ ہوجائے اسے تختہ دار پر لٹکا کر رکھا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: چونیاں میں بچوں سے زیادتی کے مجرم کو مزید دو کیسز میں 6 بار سزائے موت سنادی گئی

پولیس کا کہنا تھا کہ راجہ ایوب کے خلاف جنوری 2019 میں تھانہ رتہ امرال میں زنا بالجبر کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں ریپ کے واقعات کی روک تھام اور اس سے متعلق کیسز کو جلد منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے اینٹی ریپ (انویسٹگیشن اینڈ ٹرائل) آرڈیننس 2020 کی باضابطہ منظوری دے دی تھی۔

اس آرڈیننس کے ابتدائی مسودے میں ریپ کے مجرمان کو نامرد بنانے سے قبل ان کی رضامندی حاصل کرنے کی شرط شامل کی گئی تھی جسے حتمی مسودے میں ختم کردیا گیا۔

واضح رہے کہ ملک میں ریپ کے واقعات کی روک تھام کے لیے وفاقی کابینہ نے 25 نومبر کو 2 انسداد ریپ آرڈیننسز کی اصولی منظوری دی تھی۔

مزید پڑھیں: صدر مملکت نے انسداد ریپ آرڈیننس کی باضابطہ منظوری دے دی

ملک میں ریپ کے بڑھتے ہوئے واقعات پر عوام کے سخت ردِ عمل کو دیکھتے ہوئے حکومت نے اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر قانون سازی لانے کا اعلان کیا تھا۔

ملک میں بچوں اور خواتین سے ریپ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے تناظر میں متعد حلقوں کی جانب سے مجرمان کو سرِعام پھانسی دینے کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔

تاہم وزیر اعظم عمران خان اور چند وزرا نے اس کی مخالفت کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024