کوک اسٹوڈیو 2020: تیسری قسط کے 'عشق دا ککڑ بانگاں ڈیوے' کے چرچے
کوک اسٹوڈیو 2020 کی پہلی دونوں قسطوں کی کامیابی کے بعد اس کی تیسری قسط بھی 18 دسمبر کو جاری کردی گئی۔
پہلی دونوں قسطوں کی طرح تیسری قسط میں بھی تین گانے شامل کیے گئے ہیں اور اگرچہ تینوں گانوں نے شائقین کو خوب محظوظ کیا لیکن گلوکارہ سحر گل خان کا 'عشق دا ککڑ بانگاں ڈیوے' کو زیادہ سراہا جا رہا ہے۔
تیسری قسط کے تینوں گانوں میں سے ہر کسی کو ایک ہی دن میں ڈھائی سے چار لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے۔
تیسری قسط کے پنجابی، سرائیکی و اردو زبان کے مکس گانے'عشق دا ککڑ بانگاں ڈیوے' کو زیادہ سراہا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوک اسٹوڈیو 2020: خواتین کا ترانہ 'نہ ٹُٹیا وے' سب کو بھاگیا
'عشق دا ککڑ بانگاں ڈیوے' کو نوجوان گلوکارہ سحر گل خان نے گایا ہے، اس کی شاعری عاصم رضا نے لکھی ہے اور انہوں نے ہی اس کی میوزک ترتیب دی۔
اس گانے میں نمرہ رفیق، کمیل جعفری، شہاب حسین اور وجیہ نقوی نے بھی سحر گل خان کا ساتھ دیا۔
مزید پڑھیں: کوک اسٹوڈیو کی دوسری قسط ریلیز، راحت فتح علی کا 'دل تڑپے' چھاگیا
کوک اسٹوڈیو 2020 کی تیسری قسط کے عمیر جسوال اور صنم ماروی کے گانے 'ہر فن مولا' کو بھی کافی سراہا گیا۔
اس گانے میں اگرچہ عمیر جسوال مرکزی گلوکار ہیں، تاہم صنم ماروی نے ان کا ساتھ دیا ہے اور انہوں نے سندھ کے عظیم صوفی شاعر شاہ عبدالطیف بھٹائی کی شاعری کو صوفیانہ انداز میں گایا۔
اس گانے کو روحانیت اور صوفیت کی وجہ سے کافی سراہا گیا جب کہ اس میں عمیر جسوال کے انداز کی بھی تعریفیں کی گئیں۔
تیسری قسط میں شامل کیے گئے گانے 'پردیسیا' کو بھی سراہا گیا، جس کی شاعری عاصم رضا نے لکھی ہے جب کہ اس میں آواز کا جادو زارہ مدنی نے جگایا ہے اور انہوں نے ہی اس کی موسیقی ترتیب دی۔
خیال رہے کہ کوک اسٹوڈیو 2020 کی دوسری قسط 11 دسمبر جب کہ پہلی قسط 4 دسمبر کو ریلیز کی گئی تھی۔