• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

سرکاری اراضی پر 'قبضہ': (ن) لیگ کے سابق رکن قومی اسمبلی مدثر قیوم ناہرا گرفتار

شائع December 18, 2020
مدثر قیوم ناہرا نے کہا کہ پہلے سے زیادہ مضبوطی کے ساتھ نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں — فوٹو: اقبال مرزا
مدثر قیوم ناہرا نے کہا کہ پہلے سے زیادہ مضبوطی کے ساتھ نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں — فوٹو: اقبال مرزا

محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر قبضے کے الزام میں مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی مدثر قیوم ناہرا کو گرفتار کرلیا۔

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل اشرف نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو ریفرنس بھیجا تھا کہ سابق رکن قومی اسمبلی مدثر قیوم ناہرا نے اربوں روپے مالیت کی 267 کنال سے زائد اراضی پر ناجائز قبضہ کر رکھا تھا، جس کو قابضین سے واگزار کروا لیا گیا ہے۔

محکمہ اینٹی کرپشن نے اس پر کارروائی کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی مدثر قیوم ناہرا کو گرفتار کر لیا۔

مدثر قیوم ناہرہ پنجاب اسمبلی کے بھی رکن رہ چکے ہیں اور ان کے بھائی اظہر قیوم ناہرا نوشہرہ ورکاں سے (ن) لیگ کے رکن قومی اسمبلی ہیں۔

گرفتاری کے بعد اینٹی کرپشن دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مدثر قیوم ناہرا نے کہا کہ ہم نے کسی سرکاری اراضی پر قبضہ نہیں کیا، سلیکٹڈ اور نالائق حکمران سمجھتے ہیں کہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہم ڈر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے سے زیادہ مضبوطی کے ساتھ نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں، جھوٹے مقدمات سے کبھی نہیں دبے اور یہ چیزیں پہلے بھی دیکھیں اب بھی سامنا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ سلیکٹڈ حکومت کی بوکھلاہٹ اور گھبراہٹ کا نتیجہ ہے، اگر سارے جلسے فلاپ ہیں تو یہ گرفتاریاں کرنے کی کیا ضرورت ہے۔

مریم نواز کا ردعمل

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں مریم نواز نے کہا کہ 'ریاستی مشینری کا ناجائز استعمال کرکے آپ لیگی عہدیداران کو بےقصور گرفتار تو کرسکتے ہیں، لیکن ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کا عَلم تھامے ان نڈر اور بےباک سپاہیوں کو منزل تک پہنچنے سے ہرگز نہیں روک سکتے'۔

انہوں نے کہا کہ 'مدثر قیوم ناہرا کی گرفتاری واضح کرتی ہے کہ سلیکٹڈ حکومت عوامی قہر کے سامنے گھٹنے ٹیک چکی ہے'۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024