• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بھارتی فوج کی ایل او سی پر اقوام متحدہ کی گاڑی پر فائرنگ، مبصرین محفوظ رہے

شائع December 18, 2020
زاہد حفیظ چوہدری نے بھارتی اقدامات کی مذمت کی — فوٹو: ڈان نیوز
زاہد حفیظ چوہدری نے بھارتی اقدامات کی مذمت کی — فوٹو: ڈان نیوز

بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) سے ملحقہ آزاد جموں و کشمیر کے سیکٹر چری کوٹ پر فائرنگ کر کے اقوام متحدہ کی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا جس میں پاکستان اور بھارت میں اقوام متحدہ کے مبصر ملٹری گروپ کے دو افسران سوار تھے۔

ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ بھارتی فوج نے صبح 10:45 پر آزاد جموں و کشمیر کے چری کوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی۔

مزید پڑھیں: بھارت، پاکستان کے خلاف سرجیکل اسٹرائیک کی منصوبہ بندی کررہا ہے، وزیر خارجہ

—فوٹو:دفترخارجہ
—فوٹو:دفترخارجہ

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کے عہدیدار پولاس گاؤں میں بھارتی فوج کی فائرنگ کا نشانہ بننے والے افراد سے ملاقات کے لیے جارہے تھے کہ نشانہ بنے۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں اقوام متحدہ کی گاڑی کو نقصان پہنچا ہے لیکن عہدیدار محفوظ ہیں اور پاک فوج نے انہیں فوری طور راولاکوٹ منتقل کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ 'اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کی گاڑی کو بلااشتعال فائرنگ سے نشانہ بنانے والی بھارتی فوج کی ایک اور اوچھی حرکت ہے'۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے رواں برس اب تک 2 ہزار 999 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، جس کے نتیجے میں 27 اموات جبکہ 92 خواتین اور 68 بچوں سمیت 249 شہری شدید زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ 2003 کے جنگ بندی معاہدے پر عمل کریں اور ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر امن کو برقرار رکھیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر بھارت کی سیز فائر کی خلاف ورزی، 2 جوان شہید

ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے ملیٹری مبصر گروپ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے تحت اپنا کردار ادا کرنے کی اجازت دیں'۔

اقوام متحدہ کی گاڑی دور سے بھی قابل شناخت ہے، آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی فوج نے ایل او سی کے چری کوٹ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی اور اقوام متحدہ کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں فوجی مبصر سوار تھے، انہیں اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ پولاس گاؤں جارہے تھے۔

آئی ایس پی آر کہا کہ یہ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی گاڑی دور سے باآسانی پہچانی جاسکتی ہے کیونکہ اس کی شاخت اور نشانات واضح ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ گاڑی کو نقصان پہنچا ہے اور دونوں افسران محفوظ رہے اور انہیں پاک فوج نے راولا کوٹ پہنچادیا لیکن بھارت کے اس طرح کے غیر قانونی اقدامات تمام بین الاقوامی اقدار کے خلاف ہے اور اس کی وجہ بھارتی فوج کا عام شہریوں کو نشانہ بنانے کا واضح مقصد ہے اور اس سے نہ صرف شہری بلکہ اقوام متحدہ کے مبصرین بھی نشانہ بن رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان، اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن کے ساتھ مکمل یک جہتی کرتا ہے اور اپنے فرائض انجام دینے پر ان کے کردار کا خراج تحسین پیش کرتے ہیں

بھارتی فوج نے آزاد جموں و کشمیر کے باگسر سیکٹر پر 15 دسمبر کو بھی فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہوئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے ساتھ بگسر سیکٹر پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی۔

بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی پر پاکستان نے بھرپور جواب دیا جس سے بھارتی فوج کا بھاری جانی و مالی نقصان ہوا۔

تاہم فائرنگ کے تبادلے میں 35 سالہ نائیک شاہ جہاں اور 21 سالہ سپاہی حمید شہید ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی: بھارتی شرانگیزی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید

واضح رہے کہ 10 دسمبر کو بھی کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے تھے۔

بھارت کی جانب سے پاکستان کی حدود میں حملے کے ممکنہ خطرے کے باعث پاک فوج کو پہلے ہی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

بھارت کی جانب سے وقتاً فوقتاً لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کی جاتی ہے اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

اس سے قبل 25 نومبر کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بندوقیں ایک بار پھر بے لگام ہوئی تھیں اور اس کے نتیجے میں ایک شہری شہید ہوگیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ بھارتی فوج نے ایل او سی کے باگسر سیکٹر میں سیز فائر کی خلاف ورزی کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

اس سے قبل 22 نومبر کو بھارت کی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن کے قریب آزاد جموں و کشمیر کے ضلع کوٹلی میں شادی کے گھر میں موٹر شیل کی فائرنگ سے خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024